لوک سبھا انتخابات کیلئے کانگریس امیدواروں کی تیسری فہرست جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-19

لوک سبھا انتخابات کیلئے کانگریس امیدواروں کی تیسری فہرست جاری

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کیلئے آج 58 امیدواروں پر مشتمل تیسری فہرست جاری کردی ہے۔ کانگریس کے کئی وزراء اور سینئر لیڈروں کو ٹکٹ دے دیا گیا ہے۔ کرپشن میں ملوث سریش کلمڈی کا امیدوار نہیں بنایا گیا ہے، بلکہ ان کے حلقہ میں نوجوان لیڈر وشوجیت کدم کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کو راجستھان کے حلقہ ٹونک۔ سوائی مادھو پور سے ٹکٹ دیا گیا ہے، جہاں اقلیتوں کی کثیر آبادی ہے۔ وہ اس سے قبل مراد آباد حلقہ سے منتخب ہوئے تھے۔ سابق چیف منسٹر چھتیس گڑھ اجیت جوگی کو مہا سمبند اور کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ کے داماد پرنجیا آدتیا کو حلقہ پنچ محل سے کھڑا کیا گیا ہے۔ وارانسی حلقہ میں نریندر مودی کا مقابلہ کون کریگا؟ اس مسئلہ پر ابھی تک کانگریس نے کوئی اعلان نہیں کیا ہے اور تجسس برقرار ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری مدھوسدن مستری اور پارٹی ترجمان رندیپ سورجے الا نے کہاکہ مودی کے مقابلہ میں بہت ہی طاقتور لیڈر کو میدان میں اتارا جائے گا، جو سب کیلے باعث حیرت ثابت ہوں گے۔ سچن پائلٹ کو ان کے سابقہ حلقہ اجمیر میں ہی برقرار رکھا گیا ہے۔ دہلی کے موجودہ پانچ ارکان کو ان کے حلقہ سے ٹکٹ دے دیا گیا ہے۔ اسی طرح مرکزی وزیر کپل سبل چاندنی چوک، کرشناتیرتھ شمالی مغربی دہلی، سنیل دکشت مشرقی دہلی، جئے پرکاش اگروال شمال مشرقی دہلی اور کانگریس کے جنرل سکریٹری اجئے ماکن نئی دہلی سے مقابلہ کریں گے۔ کپل سبل تیسری مرتبہ چاندنی چوک حلقہ سے انتخابی مقابلہ کررہے ہیں۔ اس حلقہ پر زبردست مقابلہ درپیش ہے۔ بی جے پی کے دہلی یونٹ کے صدر ہرش وردھن اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر اشوتوش جو ٹی وی جرنلسٹ ہیں، اسی مقابلہ سے امیدوار بنائے گئے ہیں، لہذا ان تینوں امیدواروں کے درمیان بہت ہی دلچسپ اور طاقتور مقابلہ ہوگا۔ دہلی میں 10اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ کپل سبل نے 2004ء میں بی جے پی کی سبرتی رانی کو اسی حلقہ سے شکست دی تھی۔ 2009ء میں انہوں نے بی جے پی کے وجندر گپتا کو ہرایا تھا۔ اجئے ماکن کو نئی دہلی میں سہ رخی مقابلہ درپیش ہے۔ بی جے پی ترجمان میناکشی لیکھی اور عام آدمی پارٹی لیڈر اور ممتاز صحافی اشتیش کھیتن اس حلقہ سے مقابلہ کررہے ہیں۔ مشرقی دہلی میں بھی مقابلہ بڑا دلچسپ ہوگاجہاں شیلادکشت کے فرزند، مہاتما گاندھی کے پوتے راج موہن گاندھی سے مقابلہ کریں گے۔ انہیں عام آدمی پارٹی نے امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی کے مہیش گری اسی مقابلہ سے امیدوار بنائے گئے ہیں۔

Congress releases 3rd list of Lok Sabha candidates

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں