تشکیل تلنگانہ میں کوئی رکاوٹ نہیں - پارلیمنٹ میں بل منظور کیا جائے گا - شنڈے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-01

تشکیل تلنگانہ میں کوئی رکاوٹ نہیں - پارلیمنٹ میں بل منظور کیا جائے گا - شنڈے

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج واضح کردیا کہ یوپی اے دوم کے دور میں علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور 5فروری سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ اجلاس میں تلنگانہ کا بل منظور کرلیا جائے گا۔ شنڈے نے یہاں صحافیوں سے کہاکہ بل پاس کردیاجائے گا۔ اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ صحافیوں نے جب یہ دریافت کیا کہ تلنگانہ بل اسمبلی میں مسترد کئے جانے کے بعد تلنگانہ کی قسمت کا کیا ہوگا تو شنڈے نے جواب دیا۔ انہوں نے بتایاکہ مرکزی حکومت کو ریاستی اسمبلی سے آندھراپردیش کی تنظیم جدید بل موصول نہیں ہوا ہے اور نہ ہی حکومت نے اٹارنی جنرل سے قانونی رائے طلب کی ہے۔ ریاستی اسمبلی میں ندائی ووٹ کے ذریعہ تلنگانہ بل مسترد کئے جانے کے ایک دن بعد شنڈے کا بیان آج سامنے آیا۔ دستوری ماہرین کے بموجب تشکیل تلنگانہ کے خلاف اسمبلی خواہ کچھ بھی کرلے، پارلیمنٹ، نئی ریاست کی تشکیل کی کارروائی میں پیشرفت کرے گی۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا دوسرا مرحلہ 5فروری سے شروع ہورہا ہے جو 21فروری تک جاری رہے گا۔ یوپی اے دوم کا دور ختم ہونے سے پہلے پارلیمنٹ کا یہ آخری اجلاس ہے۔ ریاست کی تقسیم کے سلسلہ میں تشکیل کردہ وزراء گروپ 4فروری کو اجلاس منعقد کرکے تشکیل تلنگانہ کے سلسلہ میں پیشرفت کیلئے صدرجمہوریہ کو سفارشات پیش کر ے گا۔ اسی دوران وزارت داخلہ نے وزیراعظم کے دفتر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کے عزائم کو مسترد کردیاہے جنہوں نے بل کو غیر جامع قرار دیاتھا۔ وزارت داخلہ، پارلیمنٹ میں بل پیش کرنے کےئلے ایک تاریخ طلب کرنے پر بھی غور کررہی ہے۔ یہ ملک کی تاریخ میں شائد پہلی مرتبہ ہوگا کہ ریاستی اسمبلی کی جانب سے بل مسترد کئے جانے کے باوجود مرکز، ریاست کی تقسیم پر پیشرفت کرے گا۔ ماضی میں اترپردیش، بہار اور مدھیہ پردیش اسمبلیوں میں قراردادوں کی منظوری کے بعد ہی اترکھنڈ، جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ کی تشکیل عمل میں لائی گئی تھی۔

telangana bill approval in parliament likely : Shinde

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں