راجیہ سبھا انتخابات - رائے دہی ناگزیر ۔ ایک باغی امیدوار میدان میں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-01

راجیہ سبھا انتخابات - رائے دہی ناگزیر ۔ ایک باغی امیدوار میدان میں

حیدرآباد۔
(پی ٹی آئی)
ریاست میں راجیہ سبھا کی 6نشستوں کیلئے مقابلہ ناگزیر ہوگیا ہے کیونکہ 6 نشستوں کیلئے 7امیدوار میدان میں ہیں جس میں کانگریس پارٹی کا ایک باغی امیدوار بھی شامل ہے۔ پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کا وقت آج دوپہر ختم ہوگیا جس کے بعد اعلان کیا گیا کہ میدان میں 7امیدوار ہیں۔ گذشتہ مرتبہ 1999ء میں راجیہ سبھا نشستوں کیلئے انتخابات ناگزیر ہوگئے تھے۔ واضح ہوکہ کانگریس پارٹی کے 2 باغی امیدواروں کے وی وی ستیہ نارائنا راجو عرف چیتنیہ راجو اور اے پربھاکر ریڈی نے چند سیما آندھرا ارکان مقننہ کی تائید کے بل پر اپنے پرچہ نامزدگی داخل کئے تھے تاہم ایک باغی امیدوار کے وی وی ستیہ نارائنا راجو نے اپنا پرچہ نامزدگی بعدازاں واپس لے لیا۔ اے پربھاکر ریڈی نے تاہم ایسانہیں کیا حالانکہ کانگریس قیادت کی جانب سے ان پر اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کیلئے شدید دباؤ تھا۔ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج صبح کے وی ستیہ نارائنا کو اپنا پرچہ نامزدگی واپس لینے کی کامیاب ترغیب دی۔ کانگریس پارٹی کے بعض اعلیٰ قائدین نے پربھاکر ریڈی کو بھی مقابلہ سے دستبردار ہوجانے کیلئے انہیں آمادہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے مبینہ طورپر انکار کردیا۔ اے پربھاکر ریڈی جو ایک رکن اسمبلی ہیں متحدہ آندھراپردیش کی تحریک کے زور پر راجیہ سبھا انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا جنہیں سینئر ترین رکن اسمبلی جے سی دیواکرریڈی اور دیگر ارکان کی تائید حاصل ہے۔ پربھاکر ریڈی کے تعلق سے اگرچہ چند باتیں گشت کررہی تھیں کہ انہوں نے اپنی امیدواری سے دستبرادری اختیارکرنے کیلئے مقننہ سکریٹری و الیکشن ریٹرننگ آفیسر ایس راجا سدا رام کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے تاہم راجا سدا رام نے بتایاکہ انہیں ایسا کوئی مکتوب حاصل ہوا اور نہ ہی اس سلسلہ میں کسی نے ان سے ربط پیدا کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پربھاکر ریڈی مقابلہ میں ہیں۔ راجیہ سبھا انتخابات کیلئے اس طرح 7امیدوار میدان میں ہیں جن میں کانگریس پارٹی سے ٹی سبی رامی ریڈی، کے وی پی رامچندر راؤ اور ایم اے خان، اصل اپوزیشن تلگودیشم پارٹی سے ٹی سیتاراما لکشمی اور جی موہن راؤ اور ٹی آرایس کے ڈاکٹر کے کیشو راؤ کے ساتھ کانگریس کے باغی امیدوار شامل ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں