جنتادل یو کی این ڈی اے میں واپسی خارج از بحث - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-02

جنتادل یو کی این ڈی اے میں واپسی خارج از بحث

پٹنہ۔
(آئی اے این ایس)
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج اس بات کی تردید کی کہ ان کی پارٹی جنتادل دیو بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے میں واپس ہوگی۔ نتیش کمار نے یہاں ایک تقریب میں کہاکہ ہمارے (جنتادل یوکے ) این ڈی اے میں واپس ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ چیف منسٹر نے یہ بیان کل جنتادل یو کے صدر شرد یادو کی جانب سے مبینہ طورپر یہ کہنے کے بعد دیا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد ان کی پارٹی این ڈی اے میں واپس ہوسکتی ہے۔ تاہم شرد یادو نے ایسا کوئی بیان دینے کی تردید کردی۔ نتیش کمار نے کہاکہ ہم خیال جماعتوں بشمول جنتادل (یو)، بائیں بازو جماعتوں اور دیگر علاقائی جماعتوں کے ایک غیر بی جے پی اور غیر کانگریسی اتحاد کے قوی امکانات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم باہمی مفاہمت اور تعاون کی بنیاد پر ایک نیا محاذ قائم کرنے سے دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ کانگریس اور بی جے پی سے انتخابات میں مقابلہ کیا جاسکے۔ قبل ازیں نتیش کمار نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات سے قبل ایک نیا محاذ قائم کرنے ہم خیال جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ان کی پارٹی اوردیگر ہم خیال جماعتیں بشمول سی پی آئی ایم نیا سیاسی محاذ قائم کرنے کے سلسلہ میں کام کررہی ہیں۔ نتیش کمار نے گذشتہ سال جون میں بی جے پی کے ساتھ 17 سالہ قدیم اتحاد ختم کرلیا تھا کیونکہ بی جے پی آنے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے نریندر مودی کو اپنا وزارت عظمی امیدوار بنانے جاری تھی۔ پی ٹی آئی کے بموجب چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہاکہ بی جے پی اور کانگریس کی مخالف جماعتوں کا ایک نیا بلاک قائم کرنے کی تحریک میں 5فروری کو دہلی میں قائدین کی ملاقات کے ساتھ تیزی آسکتی ہے۔ نتیش کمار نے جو اس میٹنگ میں شرکت کرنے والے ہیں۔ بہار میں غذائی سلامتی قانون کے آغاز کی ایک تقریب کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ کانگریس اور بی جے پی کی مخالف جماعتوں کے قائدین 5 فروری کو دہلی میں ملاقات کریں گے تاکہ پارلیمنٹ میں ہم خیال جماعتوں کے ایک نئے بلاک کی تشکیل کو قطعیت دی جاسکے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں