مختلف مذاہب کا تحفظ حکومتوں کا فریضہ - رحمٰن خان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-01

مختلف مذاہب کا تحفظ حکومتوں کا فریضہ - رحمٰن خان

نئی دہلی۔
(یو این آئی)
چندذاتی مفادات کی خواہش مند طاقتوں کے ذریعہ ہندوستان کی برسوں پرانی متنوع ثقافت کو پارہ پارہ کرنے کی سازش پر اظہار تاسف کرتے ہوئے اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کے رحمن خان نے کہا ہے کہ جب تک اس رنگا رنگی کی حفاظت ہوگی ملک کی سالمیت کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ خان آج پارلیمنٹ ہاؤس میں جین فرقہ کو قومی سطح پر اقلیتی درجہ دینے کی اعزازی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ملک بھر سے جین فرقہ کے نمائندے موجود تھے۔ تقریب کی سرپرستی کرنے والے جین منی آچاریہ لوکیش نے اپنے خطاب میں کہاجین قوم کو اقلیتی درجہ دے کر درحقیقت حکومت نے ایثار اور سنیاس کی تہذیب کو عزت بخشتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس قدم سے جین قوم تعلیمی اور طبی سمیت مختلف میدانوں میں مزید متحرک ہوکر فلاحی کام انجام دے سکے گی۔ تقریب میں معروف صحافی شوبھنا جین اور سماجی کارکن سبھاش اوسوال کو اعزاز بھی دیا گیا۔ تقریب کوخطاب کرتے ہوئے مسز شوبھنا جین نے کہاکہ جینیوں کو اقلیتی درجہ دینے کے اس فیصلہ سے سماج میں پرامن ہم آہنگی کو فروغ ملے گا اور ہندوستان کی کثیر نسلی اور متنوع ثقافت کی بنیادیں مزید مضبوط ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ جین قوم یہ یقین دلاتی ہے کہ وہ اس قدم کے بعد تمام متعلقہ منصوبوں کو پورے تدبیر اور ذمہ داری سے انجام دے گی جس سے ایک مضبوط اور اعتماد سے لبریز سماج اور قوم کا ظہور ہوگا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں