ترکی اور یونانی قبرص کے درمیان دوبارہ اتحاد متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-13

ترکی اور یونانی قبرص کے درمیان دوبارہ اتحاد متوقع

نیکوسیا
(رائٹر)
ترک اور یونانی قبرصی لیڈروں کی آج نیکو سیا میں ہونے والی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ قبرص کے تنازعہ کے ٹھوس حل کے لیے نتیجہ خیز مذاکرات کی بحالی پر اتفاق ہوگیا ہے ۔ مشرقی بحیرہ روم کا ایک جزیرہ اور ملک قبرص ترکی اور یونان کے مابین منقسم ہے ۔ اس کے اتحاد کی کوششیں ایک طویل عرصے سے جاری ہیں ۔ قبرص کا تنازعہ یوروپ کے طویل تنازعات میں سے ایک ہے ۔ آج اس تنازعہ کے حل کے لیے امن عمل کی بحالی کی ایک نئی کوشش کے طور پر یونان اور ترکی کے لیڈروں نے ملاقات کی ۔ تنازعہ قبرص سے متعلق مذاکرات دو سال کے جمود کے بعد آج ایک بار پھر شروع کئے گئے ۔ یونانی قبرص کے رہنما نیکو س انا ستا سیادس اور ترک قبرص سے تعلق رکھنے والے ان کے منصب درویش اروگلو نے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں منقسم شہر نیکوسیا میں ملاقات کی ۔ اطلاعات کے مطابق دونوں لیڈروں نے نسلی گروپوں میں بنے ہوئے جزیرے قبرص میں طاقت کی شراکت کے ایک نئے نظام کی تشکیل کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ قبرص میں متعینہ اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب لیزا بوئٹن ہائن نے ترک اور یونانی قبرصی لیڈروں کی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا ہے کہ قبرص کے تنازعے کے ٹھوس حل کے لیے نتیجہ خیز مذاکرات کی بحالی پر اتفاق ہوگیا ہے ۔ اس کے علاوہ طرفین نے دوزونزپر مشتمل ایک وفاق کی تشکیل پر اتفاق کرلیا ہے ۔ اس میں دو مختار خطے ایک مرکزی حکومت کی عملداری میں اپنا اپنا کام انجام دیں گے ۔ اب دونوں طرف کی برادر یاں مل کر مذاکرات کی تفصیلات اور ڈیل پر کام کریں گی اور اس عمل میں مہینوں لگ سکتے ہیں ۔ اس موقع پر اس بین الاقوامی ادارے کی مدد سے تیار کردہ ایک دستاویز پیش کی گئی جس میں 1974ء سے منقسم بحیرہ روم کے جزیرے قبرص کے تنازعہ اور اس کے سیاسی حل کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے ایک لائحہ عمل سے متعلق ڈرافٹ شامل ہے ۔ نیکوس انا ستا سیادس بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قبرصی حکومت کے صدر ہیں ، انہوں نے ترک قبرص کے لیڈر درویش اُروگلو کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب سے گزارش کی کہ وہ اس مشترکہ بیان کو پڑھ کر سنائیں جس میں قبرص کے دیر تنازعے کے حل کے بنیادی اصول وضع کیے گئے ہیں ۔
Turkey and Greek Cyprus anticipated reunion

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں