تلگو دیشم دونوں ریاستوں میں برسر اقتدار آئیگی - نائیڈو کا ادعا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-23

تلگو دیشم دونوں ریاستوں میں برسر اقتدار آئیگی - نائیڈو کا ادعا

صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو نے آج اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی پارٹی ریاست کی تقسیم کی بعد تشکیل پانے والی دونوں ریاستوں میں اقتدار حاصل کرے گی ۔ اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ تلگودیشم دور حکومت میں تلنگانہ اور سیما آندھرا علاقوں کی بے مثال ترقی ہوئی تھی ، انہوں نے کہاکہ صرف تلگو دیشم پارٹی اس بات کی اہل ہے کہ وہ دونوں ریاستوں کے تلگو بولنے والے عوام کے درمیان اتحاد وسا لمیت پیدا کرے ۔ سابق چیف منسٹر یہاں پارتی ہیڈ کوارٹر س میں تلگودیشم قائدین کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تلگو دیشم پارٹی ہی تھی جس نے تلگو عوام کو اپنی ایک شناخت عطا کی اور انہیں عزت نفس اور وقار بخشا ۔ ہماری پارٹی ایک مرتبہ پھر تلگو عوام کے اتحاد واتفاق کے لیے کام کرے گی ۔ اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہ تلگو دیشم پارٹی نے کبھی بھی علیحدہ ریاست تلنگانہ کی مخالفت نہیں کی ، انہوں نے کہاکہ ہم نے صرف دونوں علاقوں کے لیے مساوی انصاف کی آواز بلند کی تھی ۔ تلگو دیشم ،واحد پارٹی ہے جو کبھی بھی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹی ۔چندرا بابو نائیڈو نے دیگر پارٹیوں کے ان دعووں کو مسترد کردیا کہ تلگو دیشم کے تلنگانہ قائدین پارٹی چھوڑ دیں گے ۔ انہوں نے نشاند ہی کی کہ تلنگانہ نے ہمیشہ تلگو دیشم پارٹی کی تائید کی ہے ، خواہ وہ پارٹی کی حکومت کے دوران ہویا پھر اپوزیشن جماعت کی حیثیت رہی ہو ، اس علاقہ نے ہمیشہ ہماری تائید کی ہے ، کیوں کہ تلگو دیشم دور میں ہی کمزور طبقات کو سیاسی استحکام حاصل ہوا اور علاقہ کو ترقی نصیب ہوئی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے جو علاقہ رائلسیما سے تعلق رکھتے ہیں ، الزام عائد کیا کہ دیگر پارٹیاں اپنی تنگ ذہنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام میں علاقائی جذبات واحساسات کو بھڑکارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی پارٹی کے قائدین کو پوری آزادی دی تھی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے عوام کی خواہشات کے مطابق کام کریں ۔ سابق چیف منسٹر نے کہا کہ یہ بہتر ہوتا اگر کانگریس اور بی جے پی دونوں مل کر تلنگانہ مسئلہ کا قابل قبول حل تلاش کرتے ۔ انہوں نے تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور سیما آندھرا میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا استعمال کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی کو نقصان پہنچانے کی سازش تیار کرنے پر کانگریس پارٹی کو مورد الزام ٹھرایا ۔ صدر تلگو دیشم نے یاد دلایا کہ یہ تلگو دیشم پارٹی ہی تھی جس نے نہ صرف ریاست میں کانگریس پارٹی کی اجارہ داری کا خاتمہ کیا ، بلکہ قومی سطح پر بھی ایک بار پھر مرکز میں تاریخی رول ادا کرے گی ۔ قائداپوزیشن کا کہنا ہے کہ تلگو دیشم دور حکومت میں ہی حیدرآباد کو 1994کے بعد بے مثال ترقی حاصل ہوئی ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ہم نے حیدرآباد کو عالمی آئی ٹی نقشہ پر اہم مقام دلایا ،لاکھوں افراد کو روز گار فراہم کیا ،عالمی سطح کی آؤٹررنگ روڈ اور ایر پورٹ کی تعمیر عمل میں لائی ۔ انہوں نے جاننا چاہا کہ کانگریس ، ٹی آر ایس اور دیگر پارٹیوں نے حیدر آباد کی ترقی کے لیے کیا کیا ۔

TDP Will Come to Power in Both States: Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں