غیرت کے نام پر 5 خواتین کا قتل - دوبارہ تحقیق کیلیے پاکستانی عدالت کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-13

غیرت کے نام پر 5 خواتین کا قتل - دوبارہ تحقیق کیلیے پاکستانی عدالت کا حکم

اسلام آباد
(رائٹر)
پاکستان کی ایک عدالت نے ملک میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کے 2012ء میں پیش آنے والے ایک واقعہ کی نئے سرے سے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ دو سال قبل اس اجتماعی قتل نے پاکستانی معاشرہ کو ہلا کر رکھ دیا تھا ۔اس مقدمہ سے وابستہ ایک وکیل نے بتایا کہ اس واقعہ میں پاکستان میں کو ہستان کے شمالی علاقہ میں 5خواتین کو ان کے گھروالوں نے مبینہ طور پر اس لیے قتل کر دیا تھا کہ وہ ایک گھر میں دو لڑکوں کے ساتھ تالیاں بجاتے ہوئے گانے گا رہی تھیں اور یہ واقعہ اس منظر کے ایک موبائل فون پر ویڈیو کی صورت میں ریکارڈ کیے جانے کے بعد ان خواتین کے خاندانوں کے ارکان کے علم میں آگیا تھا ۔ اس واقعہ نے پاکستانی معاشرہ کو ہلاکر رکھ دیا تھا ، جہاں عزت اور غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کو ئی نئی بات نہیں ہیں ، لیکن متعلقہ وکیل کے مطابق اب اس معاملہ میں ملکی سپریم کورٹ نے نئے سرے سے تحقیقات کیے جانے اور مقدمہ کی دوبارہ سماعت کا حکم دے دیا ہے ۔ پانچ خواتین کے قتل کے اس وقعہ کی ماضی میں کئی گئی تحقیقات اور مختلف کواتین گواہان کے بیانات سے یہ نتائج سامنے آئے تھے کہ شاید ان خواتین کو قتل نہیں کیا گیا تھا تاہم اس کے بارے میں نئے شواہد اس امر کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ ان خواتین کو غالبا قتل ہی کیا گیا تھا ۔ تب تفتیشی ماہرین کے سامنے چند خواتین نے یہ بیانات دیئے تھے کہ وہی وہ خواتین ہیں ، جن کی اس واقعہ میں ویڈیو ریکارڈ کی گئی تھی اور وہ زندہ ہیں نہ کہ انہیں قتل کیا گیا ہے ۔ پاکستان میں خواتین کی حیثیت سے متعلق ایک مقامی قومی کمیشن سے منسلک ماہر قانون مظہر اکرم اعوان کے مطابق ایک مقامی عدالت کے جج محمد ارشاد نے ،جو اس کیس کا نئے سرے سے جائزہ لے رہے ہیں ،حکم دیا ہے کہ ان ابھی تک زندہ خواتین کو 26فروری کو عدالت میں پیش کیا جائے اور اگر وہ زندہ نہیں ہیں تو ان کی نعشیں عدالت میں لائی جائیں ۔
Pakistani judge reopens 2012 'honor killing' case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں