پاکستان - عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-21

پاکستان - عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری

پشاور
(پی ٹی آئی /رائٹر)پاکستانی لڑاکا جیٹ طیاروں نے لاقانونیت والے شمالی وزیر ستان اور خیبر قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے جس کے نتیجے میں کم از کم 47عکسریت پسند بشمول غیر ملکی ہلاک ہوگئے ۔ یہ کارروائی طالبان کی جانب سے 23مغویہ سپاہیوں کا سر قلم کردینے کے بعد حکومت کے ساتھ مذاکرات معطل ہونے کے بعدانجام دی گئی ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے بذات خود اس کا رروائی کو منظوری دی ہے ۔ فضائی حملے خیبر ایجنسی میں بھی کئے گئے ہیں ۔ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے دہشت گردوں کے 6ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔ مہلوک عسکریت پسندوں میں ازہک ،تاجک اور ترکمانستان کے شدت پسند بھی شامل ہیں ۔ میر علی کے علاقوں حسوخیل ، حیدرخیل ،ایدک اور خوشحالی میں یہ کارروائی کی گئی جس میں عکسریت پسندوں کے مخصوص اہداف کو نشا نہ بنایا گیا ۔ اطلاعات میں بتایا گیا کہ سرجیکل اسڑائیک میں 3ملکی اور غیر ملکی کمانڈر وں سمیت 3درجن کے قریب عسکریت پسند ہلاک ہوئے جس میں اسلحہ وبارودکا بھاری ذخیرہ بھی تباہ کیا گیا ۔ فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے جن 6ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ان میں پہلا حملہ کمانڈر عبدالستار کے مرکز پر کیا گیا جہاں بارود کا بھاری ذخیرہ بھی تھا ۔ دوسرا اور تیسرا حملہ ازبک اور ترکمانی عسکریت پسندوں کے ٹھکانے پر کیا گیا جس میں 11عسکریت پسند ہلاک ہوئے جن میں خودکس جیکٹ اور گاڑیاں تیار کرنے والا ترکمانی ماہر شامل ہے ۔ چوتھے حملے میں تاجک کمانڈر سمیت ٹھکانے میں موجود تمام عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔ ایک اور حملے میں طالبان کمانڈر جہاد یار کا مرکزی ہدف تھا جس میں 15عسکریت پسند مارے گئے ۔ تحریک طالبان کے کمانڈر عبدالرزاق کا مرکز بھی فضائیہ کارروائی کا نشانہ بنا ۔ ذرائع کے مطابق فضائی کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاعات پر کی گئی جس میں عسکریت پسندی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو ہلاک کیا گیا ۔ عسکریت پسندوں نے تباہ ٹھکانوں سے ساتھیوں کی نعشیں منتقل کردی ہیں ۔ قبل ازیں وزیر اعظم دفتر کے ذرائع کے مطابق ، وزیر اعظم نواز شریف نے فضائی حملوں کا اختیار دے دیا ہے ۔ ایک سرکاری آفیسر نے کہا کہ فوج کو تین دنوں تک روکنے کے بعد وزیر اعظم نے بذات خود گزشتہ رات فضائی حملوں کا اختیار دے دیا ۔ طالبان کو سبق سکھانے کے لئے یہ واحد متبادل تھا ۔ شریف جو پچھلے سال یہ وعدہ کر کے اقتدار میں آئی تھے کہ وہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کا کوئی راستہ نکالیں گے ، جنگجوؤں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے کوشش کر رہے ہیں ۔
Pakistani fighter jets bomb militant hideouts

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں