قطر - 2 برسوں میں 450 سے زائد ہندوستانی ملازمین کی اموات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-19

قطر - 2 برسوں میں 450 سے زائد ہندوستانی ملازمین کی اموات

قطر
(یو این آئی )
خلیجی ملک قطر میں گزشتہ دو برسوں کے دوران 450سے زائد ہندوستانی مزدوروں کی موت ہوئی ہے ۔ حق معلومات کے تحت طلب کی گئی تفصیلات میں قطر نے ہندوستانی سفارتحانہ کی جانب سے 2012سے2013کے11مہینوں کے اعداد وشمار مہیا کرائے ہیں ۔جن کے مطابق گزشتہ برس ہر مہینے تقریبا 20ہندوستانی مزدور فوت ہوئے اور اگست مہینے میں یہ تعداد سب سے زیادہ 27رہی ۔ سال 2012میں مجموعی طور پر 237اور اس کے بعد پانچ دسمبر 2013تک213مزدور ہلاک ہوئے ۔ سفارتحانہ کی جانب سے مہیا تفصیلات میں ان ہندوستانی مزدوروں کی موت کے اسباب نہیں بتائے گئے اور یہ بھی نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ اموات کس جگہ پر ہوئیں ۔ غیر اقامتی ہندوستانی مزدوروں کے علاج کے تعلق سے ہندوستانی سفارتحانہ اورحکومت ہند کے درمیان ہوئی خط وکتابت کی تفصیل بھی نہیں بتائی گئی ہے ۔ ذہن نشین رہے کہ 2022قطر میں عالمی فٹبال کپ کا انعقاد ہونا ہے جس کے لئے اس پر تیزی سے عمارتیں تعمیر کرانے کا دباؤ ہے ۔ اور اس کام کو جنوب ایشیاسے آنے والے مزدور نہایت خراب حالات میں انجام دے رہے ہیں جس پر قطر میں انسانی حقوق کے تعلق سے سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں ۔ بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیم ایمنسٹی انٹر نیشنل نے نومبر میں کہا تھا کہ فٹبال کپ کے لئے عمارتیں مکمل کرنے کے لئے جنوب ایشیا سے آنے والے مزدوروں سے جانوروں کی طرح کام لیا جارہا ہے ۔ تنظیم نے فٹبال منعقد کرانے والی ادارہ فیقا سے گذارش کی تھی کہ غیر ملکی مزدوروں کے کام کے حالات میں بہتری لانے کے لئے وہ قطر پر دباؤ ڈالے ۔
More than 450 Indian migrants dead in Qatar in 2012-13

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں