تلنگانہ اور سیماآندھرا علاقوں پر مبنی آندھرا پردیش میں لوک سبھا انتخابات کا انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-26

تلنگانہ اور سیماآندھرا علاقوں پر مبنی آندھرا پردیش میں لوک سبھا انتخابات کا انعقاد

الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آج واضح کردیا کہ علاقہ تلنگانہ کے بشمول آندھراپردیش اسمبلی انتخابات آئندہ ہونے والے لوک سبھا الیکشن کے ساتھ ہی منعقد ہوں گے۔ اس سے متعلق مختلف متضاد خبروں کو الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا۔ الیکشن کمیشن کے معتبر ذرائع کے بموجب کمیشن کے قانون کے مطابق اسمبلی انتخابات کا انعقاد دستوری ہے جس کی معیاد یکم جون کو ختم ہورہی ہے۔ ذرائع نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات منعقد نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہاکہ ایسی اطلاعات کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ تلنگانہ کے مجوزہ تمام 119 حلقوں اور مابقی ریاست آندھراپردیش کی 175 نشستوں کیلئے انتخابات منعقد ہوں گے۔ ریاست کی تقسیم سے کیا ہوگا، کیا نہیں ہوگا، اس کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دہلی سے کل موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع میں بتایا گیا تھا کہ تلنگانہ اور سیمار آندھرا میں اسمبلی انتخابات مجوزہ لوک سبھا انتخابات کے ساتھ منعقد نہیں ہوسکتے۔ اس بات کا امکان ہے کہ پہلے لوک سبھا انتخابات منعقد ہونے اور اس کے بعد دونوں ریاستوں میں انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریاست کی تقسیم کی کارروائی کیلئے 3تا4ماہ درکار ہوں گے جیسا کہ اترکھنڈ، چھتیس گڑھ اور جھارکھنڈ کے معاملہ میں ہوا، اس لئے تلنگانہ اور سیما آندھرا میں اسمبلی انتخابات کا لوک سبھا انتخابات کے ساتھ انعقاد ممکن نہیں ہے۔ غیر منقسم آندھراپردیش میں لوک سبھا انتخابات ملک کیلئے ماباقی علاقوں کے ساتھ منعقعد ہوں گے۔ غیر منقسم آندھراپردیش میں 42لوک سبھا حلقے ہیں، جن میں 25سیما آندھرا میں واقع ہیں جبکہ تلنگانہ میں 17حلقے ہیں۔ تقسیم کے بعد سیما آندھرا میں 175 اسمبلی حلقے ہوں گے جبکہ تلنگانہ میں 119اسمبلی حلقے آئیں گے۔ تمام رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد دونوں ریاستوں کے وجود میں آنے تک ریاست کو صدر راج کے تحت رکھا جاسکتاہے کیونکہ چیف منسٹر این کرن کمارریڈی کے استعفیٰ کے پیش نظر گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے ریاست میں صدر راج کے نفاذ کی سفارش کی ہے۔

Loksabha elections in AP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں