سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر ڈبل ڈیکر ٹرین کی آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-28

سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر ڈبل ڈیکر ٹرین کی آمد

مرکزی مملکتی وزیر ریلوے کوٹلہ سوریہ پرکاش ریڈی نے آج سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر اے سی ڈبل ڈیکر ٹرین کا معائنہ کیا، جو یہاں پہنچی۔ انتہائی عصری کوچس پر مشتمل ڈبل ڈیکر ٹرین کو جدید ترین ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ ٹرین میں عصری سہولتیں دستیاب ہیں، جب کہ مسافرین کے تحفظ کو اولین ترجیح دی گئی۔ ڈبل ڈیکر کوچس ساوتھ سنٹرل ریلوے کے زیر استعمال رہیں گے اور کاچی گوڑہ سے تروپتی اور کاچی گوڑہ سے گنٹور کیلئے اے سی ڈبل ڈیکر ٹرینوں میں استعمال کئے جائیں گے۔ اس طرح ساوتھ سنٹرل ریلوئے مسافرین کو جدید ترین خدمات کی فراہمی میں ایک اور سنگ میل عبور کرلے گا۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر سنیل کمار اگروال اور دیگر سینئر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ساوتھ سنٹرل ریلوے کو ایک ڈبل ڈیکر ٹرین الاٹ کی گئی ہے۔ یہ ٹرین 14اے سی چےئر کارس اور 3پاور کارس پر مشتمل ہیں۔ یہ ڈبل ڈیکر، ریل کوچ فیکٹری کپورتلا میں تیار کئے گئے ہیں۔ ان کوچس کی انفرادیت یہ ہے کہ ان میں "ویسڈا"سہولت فراہم کی گئی ہے، جو ہلکے دھوئیں کا بھی پتہ چلاکر فوری الارم بجادیتی ہے۔ یہ سہولت انڈین ریلوے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ان ہی ٹرینوں میں لگائی گئی ہے۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے عصری کوچس کا استعمال کاچی گوڑہ سے تروپتی بائی ویکلی اور کاچی گوڑہ سے گنٹور بائی ویکلی ٹرینوں میں استعمال کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے۔ حالیہ پیش کردہ عبوری ریلوے بجٹ میں ان ٹرینوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

Double Decker train arrived at Secunderabad Railway station

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں