کسی جماعت کو نہیں بلکہ ملک کو ووٹ دیں - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-13

کسی جماعت کو نہیں بلکہ ملک کو ووٹ دیں - مودی

عام آدمی پارٹی کے تعلق سے میڈیا میں شور کے حوالہ سے وزارت عظمی کیلئے بی جے پی کے امیدوار نریندر مودی نے آج اقتدار کی غیر مرکوزیت کی تائید کی اور پارٹی کیلئے نہیں بلکہ ملک کیلئے ووٹ دینے پر زوردیا۔ گوا میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار کی غیرمرکوزیت پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم عوام کے اقتدار میں یقین رکھتے ہیں۔ بی جے پی صدر راجناتھ سنگھ کی موجودگی میں آج پاناجی میں ہونے والی اس ریالی میں تقریباً ایک لاکھ افراد نے شرکت کی۔ اپنی تقریر میں کانگریس پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی مخصوص جماعت یا گروپ یا فرد کو نہیں بلکہ ہندوستا ن کو ووٹ دیں۔ انہوں نے یہ تاثر پیش کرنے کی کوشش کی کہ بی جے پی کو ووٹ دینے کا مطلب ہندوستان کے روشن مستقبل کو ووٹ دینا ہے۔ مودی نے اپنی ایک گھنٹہ طویل تقریر کے دوران کہاکہ ہمارا صرف ایک دھرم ہے اور وہ یہ ہے کہ ہندوستان سب سے پہلے۔ ہماری صرف ایک مقدس کتاب ہے وہ دستور ہند ہے۔ ہم صرف ایک طرح کی عبادت کرتے ہیں اور وہ قوم کی عبادت ہے۔ مودی نے عام آدمی پارٹی قائدین کے سادہ طرز زندگی کو نظر انداز کرتے ہوئے ادعا کیا کہ کئی برس عوامی زندگی میں رہنے اور ملک پر حکومت کرنے کے باوجود سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے پاس رہنے کیلئے اپناگھر نہیں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آپ کو سادگی کی دوسری مثال بھی چاہئے۔ مودی نے کہاکہ گوا کے چیف منسٹر منوہر پاریکر کو ان کی سادگی اور انتظامی صلاحیتوں کیلئے پسند کیا جاتا ہے۔ اس دوران بی جے پی صدر راجناتھ نے ملک کو غریب بنانے کیلئے کانگریس کوذمہ دار ٹھہرایا اور کہاکہ اقتدار پر آنے کی صورت میں ان کی پارٹی اس سنہرے دور کو واپس لائے گی جو واجپائی دور میں دیکھاگیا تھا۔ بظاہر عام آدمی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے نریندر مودی نے سوال کیا کہ مسلسل ٹی وی اسکرینس پر دکھائے جانے سے کیا ہوگا۔ نریندر مودی نے اقلیتی فرقہ کے ارکان کے خلاف دہشت گردی کے کیسوں پر نظر ثانی کیلئے ریاستی حکومتوں کو تجویز روانہ کرنے پر وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کی بے حسی دیکھئے۔ وہ فرقہ وارانہ سیاست کررہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے ریاستی حکومتوں کو خط لکھتے ہوئے ہے کہ اگر آپ ایک قانون توڑنے والے کو گرفتار کریں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ مسلمان گرفتار نہ ہوں، ایسا کیوں ہے؟ کیا قانون توڑنے والے کا کوئی مذہب ہوتا ہے۔ کیا مذہب کی بنیاد پر اس بات کافیصلہ کیا جانا چاہئے کہ قانون توڑنے والے کو گرفتار کیا جائے یا رہا؟ مذہب کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں ہوناچاہئے۔

Narendra Modi urges people to vote for the country, not the party

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں