ای سی آر ممالک میں ہندوستانیوں کو لائف انشورنس اور پنشن فوائد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-11

ای سی آر ممالک میں ہندوستانیوں کو لائف انشورنس اور پنشن فوائد

Vayalar-Ravi
ای سی آر [ECR] ممالک ( ایسے ممالک جہاں جانے والے ہندوستانیوں کو امیگریشن چیک کی ضرورت پڑتی ہے) میں کارکرد ہندوستانی ملازمین کو بہت جلد لائف انشورنس اور پنشن کے فوائد حکومت کی ایک اسکیم کے تحت دستیاب ہو سکیں گے۔
وزیر سمندر پار امور وائلار روی [Vayalar Ravi] نے آج یہاں ای سی آر ممالک میں ہندوستانی مشنس کے سربراہوں کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ :
"مہاتما گاندھی پرواسی سرکشا یوجنا (ایم جی پی ایس وائی - MGPSY) کا، متحدہ عرب امارات میں آغاز ہو چکا ہے۔ دیگر ای سی آر ممالک میں یہ اسکیم بہت جلد شروع کی جائے گی"۔

یہاں یہ بات واضح کر دی جائے کہ ای سی آر ممالک میں زائد از 50 لاکھ ہندوستانی ورکرس، عارضی ایمپلائمنٹ یا کنٹراکٹ ویزا پر کام کرتے ہیں۔ بالخصوص ایسے ورکرس، تعمیرات، طبی نگہداشت اور گھریلو خدمات کے شعبوں سے وابستہ ہیں۔
روی نے ہندوستانی مشنوں کے سربراہوں سے خواہش کی کہ وہ ایم جی پی ایس وائی پر عمل کیلئے سرگرم ہو جائیں۔ اس اسکیم سے مذکورہ ممالک میں کارکرد ہندوستانی ورکرس کو زبردست فائدہ پہنچے گا۔

"اس اسکیم سے سمندر پار ہندوستانی ورکرس کو پنشن ( وطن واپسی اور باز آبادکاری) کیلئے قابل لحاظ رقم فراہم ہوگی اور 5 سال کی مدت کے دوران لائف انشورنس کور فراہم ہوگا"۔
روی نے یہ بھی کہا کہ انڈین کمیونٹی ویلفیر فنڈ (سی سی ڈبلیو ایف) سے زائد از 30 ہزار امیگرنٹ ہندوستانیوں کو فائدہ پہنچا ہے۔
سمندر پار ممالک میں کارکرد اور مصائب سے دوچار ہندوستانیوں کی مدد کیلئے تمام ہندوستانی مشنوں میں مذکورہ فنڈ قائم کیا گیاہے۔

مرکزی وزیر نے بتایاکہ ان کی وزارت نے 90 کروڑ روپئے کے مصارف سے ای۔ مائگریٹ [e-Migrate] پراجکٹ شروع کیا ہے۔ مارچ 2014ء میں ای۔مائگریٹ کو روبہ عمل لانے کا نشانہ ہے۔ اس پراجکٹ سے ورکرس کی خدمات کے معیار میں قابل لحاظ بہتری آئے گی کیونکہ اس پراجکٹ سے امیگریشن کے مختلف قواعد میں آسانی پیدا ہوگی۔
ای سی آر ممالک میں متحدہ عرب امارات اور دیگرکئی عرب ممالک شامل ہیں۔ سمندر پار ہندوستانیوں کے امور اور ان کے فلاحی اقدامات و نیز تحفظ کیلئے وزارت سمندر پار امور ذمہ دار ہے۔
یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ہندوستان اور سعودی عرب نے حال ہی میں وہاں کاکرد ہندوستانیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک تاریخی معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔

Indians in ECR countries to benefit from pension-insurance schemes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں