اقلیتوں کی گرفتاری میں احتیاط کی ضرورت - شندے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-11

اقلیتوں کی گرفتاری میں احتیاط کی ضرورت - شندے

مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں کی غیر قانونی حراست کے خلاف مرکز کے موقف کا آج ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔ اپنی ماہانہ پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شنڈے نے کہا "ہم تمام چیف منسٹرس کو ایک مرتبہ پھر ہدایت کے ساتھ مکتوبات روانہ کررہے ہیں کہ اقلیتی طبقہ کا کوئی بھی اگر غیر قانونی طورپر محروس ہے تو اس کی فی الفور رہائی کو یقینی بنائیں"۔ انہوں نے یہ بات کہتے ہوئے وضاحت کی کہ اقلیتوں کے بارے میں یہ مشورہ دیتے ہوئے ان کا شارہ کسی خاص مذہب کی جانب نہیں ہے اور ان کا بیان تمام اقلیتی طبقات کے نوجوانوں پر لاگو ہوتاہے۔ شنڈے نے ا س سلسلہ میں پیش قدمی کے طورپر پوٹا کے اطلاق کیلئے ایک اسکریننگ یا مشاورتی کمیٹی کے تقرر کا اعلان کیا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے گذشتہ سال ستمبر میں بھی تمام چیف منسٹرس کو مکتوب روانہ کیا تھا جس میں ان سے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہا تھا کہ کوئی مسلم نوجوان دہشت گردی کے نام پر نہ ہی غلط طورپر گرفتار کیا جائے اور نہ اسے ہراساں کیا جائے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مرکز کو اس سلسلہ میں متعدد نمائیدگیاں موصول ہوئی ہیں۔ شنڈے نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ حکومت دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے اپنے اہم ترین اصول کی پابند ہے، کہا کہ حکام کو چاہئے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بے قصور نوجوان غیر ضروری ہراساں نہ کیا جائے۔ سشیل کمار شنڈے نے پریس کانفرنس میں انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے بارے میں کہا "ہماری معلومات کے مطابق وہ پاکستان میں ہے۔ میں گذشتہ سال جب امریکہ گیا تھا تب ایف بی آئی کے نگران اٹارنی جنرل سے ملاقات کی تھی۔ ہم نے طے کیا تھا کہ داؤد سے متعلق معلومات کا باہم تبادلہ کریں گے اور اسے انصاف کے کٹہرے میں لانے مشترکہ کوششیں کریں گے"۔ چیف منسٹر دہلی کے تحفظ سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہاکہ حفاظتی گارڈز قبول کرنے سے انکار کے باوجود کجریوال کی لا علمی میں انہیں سکیورٹی فراہم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سکیورٹی بندوبست اور اہم شخصیات ک تحفظ فراہم کرنا ان کی وزارت کی ذمہ داری ہے چنانچہ کجریوال جیسے ہی چیف منسٹر منتخب ہوئے انہیں فی الفور سکیورٹی فراہم کردی گئی۔ شنڈے نے بتایاکہ سکیورٹی ایجنسیوں نے کجریوال سے تین مرتبہ سکیورٹی کور قبول کرنے کی خواہش کی لیکن انہوں نے انکار کردیا۔ وزیرداخلہ نے بتایاکہ پولیس کمشنر دہلی بھی چیف منسٹر کی سکیورٹی کا خیال رکھ رہے ہیں اور انہوں نے غازی آباد کے ایس پی سے بھی علاقہ میں چوکسی ترتنے کیلئے کہا ہے۔ شنڈے نے اعتراف کیا کہ وی آئی پی نقل وحرکت کے دوران ٹریفک پابندیوں سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم کہاکہ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وی آئی پی گزرتے ہی جس قدر جلد ممکن ہو ٹریفک بحال کردی جائے۔

Shinde wants caution while arresting minority youth

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں