پرانے شہر کی خبریں - old city news 26 jan 2014 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-26

پرانے شہر کی خبریں - old city news 26 jan 2014


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-jan-26

پریس نوٹ
جامعۃ البنات الاصلاحیہ کی چار روزہ اسلامی پینٹنگ نمائش دوسرے دن بھی جوش و خروش کے ساتھ جاری رہی۔ نمائش میں تقریباً 15 سے زائد اسکولوں اور کالجوں کے طلبا و طالبات نے اپنے اساتذہ کے ساتھ شرکت کی۔ قرآن و احادیث کی تعلیمات اور اسلامی فکر و نظر کو طالبات نے اپنے ماڈلس اور پینٹنگس کے ذریعے جس انوکھے انداز میں پیش کیا اسے دیکھ کر ناظرین حیرت زدہ رہ گئے۔ نمائش کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں کی ہر پینٹنگ میں کسی نہ کسی اسلامی پیغام کو اجاگر کیا گیا ہے۔ نمائش میں رکھے گئے ماڈلس میں پل صراط ، مسجد نبوی کی بتدریج توسیع اور صراط مستقیم ، خیبر کا قلعہ اور جانثارانِ نبی ، میت کی تجہیز و تکفین کا طریقہ ، تقویٰ ، غار حرا و غار ثور کی تاریخ ، خلافت کی واپسی ، جادو کی حقیقت اور شرک کے مظاہر شامل ہیں۔ کئی اہم علمی شخصیات نے نمائش کا مشاہدہ کیا۔

(اعتماد نیوز)
شہر کے پاس علاقہ پنجہ گٹہ میں واقع ایک شوروم سے تقریباً 23کروڑ روپئے مالیت کے طلائی اور ہیرے کے جواہرات کا سرہق کرلیا گیا۔ پولیس کے بموجب تنشق جویلرس کے شوروم میں نقب زنی کرتے ہوئے سارقوں نے یہ واردات انجام دی۔ عقبی دیوار میں سوراخ بناکر ہفتہ کی علی الصبح سارق اس شوروم میں داخل ہوئے تھے۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے ظاہر ہوا کہ ایک دبلا پتلا نامعلوم شخص کل رات عقبی حصہ سے داخل ہوا اور سونے کے زیورات لے کر وہاں سے چلا گیا۔ سرقہ کی اس واردات کے انکشاف کے بعد پوری پنجہ گٹہ مارکٹ میں ہلچل مچ گئی۔ اس علاقہ میں بڑے بڑے جویلرس کے شوروم ہیں اور دوسرے کاروباری ادارے بھی ہیں۔ کمشنر سٹی پولیس انوراگ شرما، ڈی سی پی ویسٹ زون ستیہ نارائنا اور پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار کلوز ٹیم اور اسنیفر ڈاگ کی ٹیموں کو لے کر وہاں پہنچ گئے۔ پولیس کمشنر انوراگ شرما نے بتایاکہ سارقوں کی تلاش کیلئے سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کے عہدیداروں کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ وہ سی سی ٹی وی کیمرہ کی تصاویر کی جانچ کررہے ہیں اور ہر زاویہ سے تحقیقات کی جائے گی۔ سارقوں کی سرگرمی سے تلاش شروع کردی گئی ہے۔ اضلاع کے پولیس کو بھی الرٹ کردیاگیا ہے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایاکہ ویڈیو فوٹیج میں اگرچیکہ صرف ایک شخص نظر آرہا ہے تاہم مزید کے ملوث ہونے کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ زیورات کی قدر کا تخمینہ کیا جارہا ہے، پولیس کو چند اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں جس کا افشاء نہیں کیا جاسکتا۔ شوروم کے عہدیداروں کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ چند سال قبل اسی علاقہ میں واقع ایک اور جویلر شوروم سے کروڑوں روپئے کے طلائی اور ہیرے کے جواہرات کا بھی سرقہ کرلیا گیا تھا۔ چند دن بعد پولیس نے سارقوں کو پکڑتے ہوئے مسرقہ اشیاء برآمد کرلی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تنشق جویلرس میں جو سرقہ کی واردات انجام دی گئی ہے اس کی ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو چند اہم شواہد ملے ہیں۔ پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آسانی سے وہ سارقوں تک رسائی حاصل کرلے گی۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں