پرانے شہر کی خبریں - old city news 02 jan 2014 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-02

پرانے شہر کی خبریں - old city news 02 jan 2014


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-jan-02

اعتماد نیوز
ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی پنالہ لکشمیا نے آج نمائش میدان نامپلی پر 74 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا شمع روشن کر کے افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پر نمائش سوسائٹی کی سرگرمیوں کی ستائش کی اور آندھرا پردیش میں صنعتوں کے لیے بہتر مواقع کا تذکرہ کیا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے نائب صدر ڈاکٹر ایس راجندر ، معتمد اشون مارگم ، شریک معتمد کے نرنجن ، خازن این سریندر اور اعزازی کنوینر پبلسٹی یاسر عرفات کے علاوہ دیگر عہدیدار و ارکان انتظامی کمیٹی موجود تھے۔ نمائش میں اس مرتبہ تحفظ و سلامتی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے مقصد سے کئی جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ تمام باب الداخلہ پر واچ اینڈ وارڈ کے مستعد ارکان نگرانی کے لیے تعینات رہیں گے۔ نمائش میں داخلہ ٹکٹ 20 روپے ہے۔ 15/ فبروری تک جاری رہنے والی اس نمائش میں مختلف تہذیبی و ثقافتی پروگرام عوام کی دلچسپی کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ اس مرتبہ یوم خواتین 7/ جنوری کو اور یوم اطفال 31/ جنوری کو مقرر کیا گیا ہے۔

اعتماد نیوز
میئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن محمد ماجد حسین نے انیس الغربا نامپلی کا یکم جنوری کو معائنہ کرتے ہوئے نیا سال اس ادارے کے یتیم اور غریب بچوں کے ساتھ منایا۔ انہوں نے بچوں میں مٹھائی اور پھل تقسیم کیے۔ انہوں نے بچوں سے اور وہاں کے اسٹاف سے مسائل کی سماعت بھی کی۔
میئر نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ شہر میں ہر سال جوش و جذبہ کے ساتھ لوگ تہوار اور نیا سال مناتے ہیں جبکہ ان کا مقصد تھا کہ وہ ان بچوں کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے شہریوں کو بحیثیت میئر پیغام دیں کہ وہ اپنی خوشیوں میں اس طرح کے بچوں اور دوسرے غریب شہریوں کو بھی یاد رکھیں۔ اگر ہم اپنی خوشیوں اور تہواروں میں ان بچوں کو بھی شامل رکھیں گے تو یہ بچے اپنے آپ کو تنہا محسوس نہیں کریں گے۔ بعد ازاں میئر نے سکندرآباد میں واقع چلڈرنس ہوم اور گورنمنٹ ہائی اسکول کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے بچوں میں بھی مٹھائی اور پھل تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر مقامی کارپوریٹر کرن اور دیگر ارکان موجود تھے۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں