ماہنامہ آفتاب ملت کی رسم اجرا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-27

ماہنامہ آفتاب ملت کی رسم اجرا

aftabemillat
حمایت نگر میں منعقدہ سہ روزہ کتب میلہ کے دوران ماہنامہ آفتاب ملت کی رسم اجراء نقیب ملت جناب بیرسٹراسدالدین اویسی صاحب رکن پارلیمنٹ حیدرآباد وصدرکل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پرجناب ایس اے شکور صاحب (ڈائرکٹر‘سکریٹری اردو اکیڈیمی) اورجناب ڈاکٹرغوث علی سعید ڈائرکٹر 4tvنے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ جناب مصطفی علی سروری اور اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ مہمان اعزازی تھے۔اس موقع پر جناب بیرسٹراویسی نے رسالہ آفتاب ملت کی اشاعت پر ادارہ کو مبارک باددی اورنیک خواہشات کااظہار کیا۔ جناب ایس اے شکور صاحب نے آفتاب ملت کی اشاعت پر ذمہ داروں سے کہا کہ یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے اور اس کوبخوبی انجام دیں اورکبھی پیچھے نہ ہٹیں اور ماہنامہ کی اشاعت کو جاری رکھیں اور اردو کے فروغ کے لئے کوشاں رہیں۔پروفیسر مصطفی علی سروری صاحب نے بھی آفتاب ملت کی اشاعت پر کہا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور نوجوانوں کو صحافت میں آگے آنا چاہئے۔مسلمانوں کے تعلق سے جس طرح کا غلط پروپیگنڈہ مغربی میڈیا کررہا ہے اس کے ازالہ کے لئے مسلمانوں کو بھی صحافت میں قدم رکھنا چاہئے اوران کا منہ توڑ جواب دینا چاہئے ۔انہوں نے مسرت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ آفتاب ملت کے تمام طلبہ ان کے شاگرد ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ ڈاکٹر غوث علی سعید نے کہاکہ یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے اور اس کام کو بڑی احتیاط سے کرنا چاہئے ۔ غیر ضروری اور کسی کوتکلیف یا نقصان پہنچانے والے مواد سے گریز کرنا چاہئے۔ ایڈیٹر شیخ منیر الدین نے آفتاب ملت کی اشاعت کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ ماہنامہ اردو کے نوجوان قلمکارو ں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہے اور اردو کے فروغ کے لئے کام کرنا اس کا اہم مقصد ہے۔ ایڈیٹرانچیف محسن خان نے کہا کہ ماہنامہ آفتاب ملت مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبہ صحافت وترسیل عامہ کے طلبہ کی جانب سے شروع کردہ رسالہ ہے جس میں طلبہ کے لئے معلوماتی اور ان سے متعلق مضامین شامل رہیں گے ا ورقارئین سے گذارش ہے کہ وہ حوصلہ افزائی کریں اور قلمکاروں وشعرا سے گذارش ہے کہ وہ اپنی نگارشات ای میل aftabemillat@gmail.com پر روانہ کریں۔ مارکٹنگ اینڈ سرکولیشن منیجر ایوب خان کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔

Inaugration Release of monthly Aftab-e-Millat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں