ہندوستان کے ساتھ چین سے زیادہ انمول رشتے - صدر مالدیپ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-06

ہندوستان کے ساتھ چین سے زیادہ انمول رشتے - صدر مالدیپ

مالدیپ کے صدر عبداﷲ یامین عبدالقیوم نے آج چین کے ساتھ اپنے رشتوں کو ’بہت قریبی، بتایا لیکن ہندوستان کو یقین دلایا کہ اس کے ساتھ مالدیپ کے رشتے ’ اور زیادہ انمول، ہیں۔ تقریباً2 ماہ قبل صدر منتخب ہونے والے یامین نے یہاں ایک انٹرویو کے دوران کہاکہ انہوں نے حال ہی میں قیام پذیر اپنے دورے پر ہندوستانی رہنماؤں کو یقین دلایا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ ان کے رشتے "جذبات" پر مبنی ہیں۔ یہ ’دل کا ، رشتہ ہے۔ اس نظریے کے بارے میں پوچھے جانے پر کہ ان کا ملک چین کے ساتھ زیادہ قریبی تعلقات بنارہا ہے انہوں نے جواب دیا کہ "میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ چین کے ساتھ ہمارے رشتے قریبی تو ضرور ہیں لیکن ہندوستان کے ساتھ رشتے دیگر کسی رشتے سے پہلے آتے ہیں۔ ہندوستان ، مالدیپ اور چین کے درمیان سکیورٹی سمیت کئی اسٹریٹیجک شعبوں میں بڑھتی نزدیکیوں کے حوالے سے متفکر ہے۔ سکیورٹی ایجنسیاں بار بار کہہ رہی ہیں کہ 1999ء میں مالدیپ کے ذریعہ سمندری ٹریفک مینجمنٹ کیلئے چین کو پٹے (لیز) پر دئیے گئے ، ماراؤ جزیرہ کا استعمال چین کے لوگوں کے ذریعہ بحر ہند میں ہندوستان اور امریکہ کے جنگی طیاروں پر نگرانی کیلئے کیا جارہا ہے اور مستقبل میں اسے آبدوز اڈہ کے طورپر فروغ دیا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم منموہن سنگھ اپنی بات چیت کے بارے میں یامین نے کہا کہ ہندوستان کی اہم تشویش بحر ہند سمیت اس خطہ میں سکیورٹی کے حوالے سے ہے اور ان مواضعات پر ہمارا نظریہ ہندوستان کے نظریے سے بالکل یکساں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس لئے یہ بالکل مشکل بات نہیں ہے۔ ہم متفق ہیں اور ہم نے سکیورٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بحر ہند میں سمندری ڈکیتی کے خلاف جنگ جیسے شعبوں میں نظریات کو شےئر کیا ہے۔ مالدیپ کے صدر نے کہاکہ ہم ہندوستانی جذبات کو سمجھتے ہیں اور انہیں پوری طرح سے قبول کرتے ہیں۔ صدر یامین نے اعتراف کیا کہ جی ایم آر کے ساتھ ہوائی اڈہ فروغ سمجھوتہ رد ہونے کے بعد ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان رشتے خراب دور سے گزرے۔ خیال رہے کہ 2012ء میں مالدیپ نے ہندوستانی فرم جی ایم آر گروپ کے ساتھ بین الاقوامی ہوائی اڈہ کے فروغ سے متعلق 51.1 کروڑ ڈالر کے سب سے بڑے غیر ملکی سرمایہ کاری پروجیکٹ کو رد کردیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے ساتھ رشتے تھوڑے خراب دور سے گزرے لیکن اچھے رشتوں کے دور نے اب خراب دور کو پیچھے چھوڑ دیا۔ مجھے لگتا ہے کہ صحیح راستے پر پھر سے لوٹنا ہمارے لئے آسان ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ تھوڑی تشویش کا موضوع ضرور تھا لیکن اس کا دونوں ملکوں کے درمیان پرانے رشتوں پر اثر نہیں پڑے گا۔

maldives president says Invaluable relationship with India than China

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں