گنٹور میں بھارت نرمان مہم کا مرکزی وزیر کے ہاتھوں افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-06

گنٹور میں بھارت نرمان مہم کا مرکزی وزیر کے ہاتھوں افتتاح

مرکزی مملکتی وزیر فینانس جے ڈی سیلم نے آج تینالی میں ترقیاتی پروگراموں کی تشہیر کیلئے بھارت نرمان عوامی معلوماتی مہم کا افتتاح کیا۔ دیہی علاقوں میں سماجی ترقیاتی اسکیموں کی تشہیر کیلئے ملک بھر میں یہ پروگرام چلایا جارہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ حکومت ہند6لاکھ دیہاتوں میں رہنے والے عوام کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے اندازاً ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے۔ اس رقم سے سڑکیں، برقی، پینے کے پانی کی سہولت، مکانات، نگہداشت صحت کی خدمات اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یوپی اے حکومت نے 2006ء سے عوام کی بہبود کیلئے کئی اسکیمات کو متعارف کرایا۔ پی آئی بی کے ذریعہ ان اسکیمات کی مختلف علاقوں میں تشہیر کی جارہی ہے۔ ریاست میں اب تک ایسے 46 پروگرام منعقد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم منموہن سنگھ کی قیادت میں یوپی اے حکومت نے غذائی سلامتی بل، حصول اراضی بل، چلر کاروبار کرنے والوں سے متعلق بل متعارف کرواتے ہوئے عوام کیلئے ایک بہت بڑا فائدہ پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ اسمبلی کے اسپیکر و مقامی ایم ایل اے این منوہر نے اپنے خطاب میں کہاکہ عوام کو اپنی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے حکومت کے فلاحی پروگراموں اور اسکیمات کی جانکاری حاصل کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نرمان عوام میں شعور بیداری کرنے کا ایک ذریعہ ہے اور اس سے استفادہ کرنے کی عوام سے خواہش کی۔ پی آئی بی ڈائرکٹر ٹی وی کے ریڈی، ضلع کلکٹر گنٹور سریش کمار اور دیگر عہدیداروں نے مخاطب کیا۔

Bharat Nirman information campaign inaugurated by Speaker

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں