اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر چند گھنٹے مباحث - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-10

اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر چند گھنٹے مباحث

تقریبا ایک ہفتہ کے بعد آج پہلی ریاستی اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر چند گھنٹے تک مباحث ہوئے ۔ سرمائی اجلاس کے دوسرے مرحلہ کا اسمبلی اجلاس 3جنوری سے شروع ہوا لیکن اسمبلی میں مسودہ بل پر کسی قسم کے مبا حث نہ ہوسکے تھے ۔ متحدہ ریاست کے حامی ارکان اسمبلی کے احتجاج اور شور غل کے باعث روزانہ اسمبلی کا اجلاس بڑی مشکل سے 5تا10منٹ منعقد ہورہا تھا ، گزشتہ روز چیف منسٹر این کمار ریڈی نے اسمبلی کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں بالخصوص تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس سے مباحث میں حصہ لینے کی درخوست کی تھی ۔ چیف منسٹر کی اس درخواست پر تلگودیشم نے آج مباحث کے انعقاد میں تعاون کیا لیکن وائی ایس آر کانگریس ارکان نے اجلاس کے آغاز سے ہی متحدہ ریاست کی تائید میں قرار داد منظور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مباحثہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی جس پراسپیکر نے اس پارٹی کے ارکان اسمبلی کو ایک دن کے لیے معطل کرتے ہوئے ایوان کی کاروائی کو آگے بڑھایا ۔ دن بھر میں تین مرتبہ ارکان کے احتجاج ،الزامات اور جوابی الزامات کے باعث کاروائی کو ملتوی کرنا پڑا ۔ اس کے باجود اسمبلی اجلاس وقفہ وقفہ سے تقریبا 4:30بجے تک جاری رہا ۔ اسمبلی اجلاس کو کرسی صدرات پر فائزڈپٹی اسپیکر بھٹی وکرامارک نے اس وقت جمعہ تک کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا جب گورنمنٹ چیف وہپ جی وینکٹ رمنا ریڈی کی تقرر پر اعتراض کرتے ہوئے تلگو دیشم اور ٹی آر ایس کے ارکان ایک دوسرے سے الجھ پڑے ۔ ڈپٹی اسپیکر نے دونوں جماعتوں کے ارکان سے خاموش ہوجانے کی درخواست کی لیکن تلگو دیشم کے ارکان ہریش راؤ کی جانب سے قائد اپوزیشن چندرابابو نائیڈو پر کئے گئے ریمارک پر احتجاج کرتے ہوئے پوڈیم تک پہنچ گئے جس پر ڈپٹی اسپیکر نے کاروائی کوکل تک کے لیے ملتوی کردیا ۔ قبل ازیں گورنمنٹ چیف وہپ جی وینکٹ رمنا ریڈی نے مسودہ بل کے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ایک تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے ۔ جمہوری تاریخ میں آج کا دن کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ عوام کے جذبات اور احساسات کا احترام کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا نہ صرف اعلان کیا بلکہ بل کی شکل میں اسے اسمبلی کو روانہ کیا جس پر آج اس بل پر مباحث ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ہی تلنگانہ پر فیصلہ کیا ہے ۔

few hours debate on Telangana Bill in the Assembly

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں