بنگلور میں کائیکا انسٹی ٹیوٹ آف ہائر اسلامک اسٹڈیز سنٹر کا قیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-12

بنگلور میں کائیکا انسٹی ٹیوٹ آف ہائر اسلامک اسٹڈیز سنٹر کا قیام

بنگلور
(پریس ریلیز)
کائیکا فاؤنڈیشن کی زیر نگرانی کائیکا انسٹی ٹیوٹ آف ہائر اسلامک اسٹڈ یز نامی ادارہ میں /100طلباء دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ اسی طرح کا ایک اور ادارہ عنقریب شہر کے یارب نگر میں اردو طلباء کے لئے شروع کیا جارہا ہے ۔ کائیکا فاؤنڈیشن کے منیجنگ ٹرسٹی اور سنی منیجنگ اسوسی ایشن کے صدر ایس ایس قادر نے آج یہاں اردو میڈیا کو بتایا کہ شہر کے السور علاقہ میں چلائے جانے والے مرکز میں طلباء کو قیام وطعام کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ طلباء کی بڑی تعداد ملیالم زبان سے تعلق رکھتی ہے ۔ قادر نے بتایا کہ دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم دینے کا مقصد طلباء کو آنے والے کل کا سامنا کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ،دوسروں کے ساتھ دین کو پیش کرنے کے قابل بنانا ہے ۔ طلباء کو دینی تعلیم کے ساتھ کمپیوٹر ،سائنس اور دیگر علوم سکھائے جاتے ہیں ،جس کا باقاعدہ ایک نصاب ہے ۔ اس کوشش کے بعد امسال جون سے شہر کے یارب نگر بنشنکری میں ایک اور مرکز شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ یہاں اردوزبان سے واقفیت حاصل کرنے والے طلباء کا داخلہ ہوگا ۔ قیام وطعام کے ساتھ 7سالہ دعوت کورس ہوگا ۔ داخلہ لینے کے لئے نویں جماعت میں کامیاب ہونا ضروری ہے ۔ داخلہ کی شرائط میں ایک شرط یہ بھی ہے کہ طلباء غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہوں اور انکم سرٹی فکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا ۔ یتیموں کو ترجیح دی جائے گی ۔ عمر 17سال ہوایسے طلباء کو 10مارچ سے قبل درخواست دینا ہوگا ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایس ایس قادر ایک نیشنل بینک کے جنرل منیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کائیکا فاؤنڈیشن کے ذریعہ گذشتہ دس سال سے وہ مختلف میدانوں میں خدمت کر رہے ہیں ۔ بنگلور میں 38شافعی مساجد اور 50مدراس چل رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب لڑکیوں کا ہاسٹل بھی شروع کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ وقتا فوقتا ملت میں بیداری پیدا کرنے کے لئے کانفرنس سیمینار وغیرہ منعقد کئے جاتے ہیں ۔ قادر نے بتایا کہ مسلمانوں میں مالداروں کی کمی نہیں ہے ۔ مالدار حضرات چاہیں تو تعلیمی ادارے ،ہاسٹلس اور اسپتالس قائم کرسکتے ہیں اگر ایسا ہوا تو ہمیں دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مساجد کے خطیب حضرات مسلمانوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے اہم رول ادا کر سکتے ہیں ۔ کائیکا فاؤنڈیشن کالی کٹ میں قائم مرکز ثقافتہ السنیتہ سے جڑا ہوا ادارہ ہے جو مسلمانوں کی تعلیمی ترقی اور دینی تربیت کے میدان میں کام کر رہا ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں