اڈوانی کی طرح نریندر مودی بھی منتظر وزیر اعظم رہیں گے - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-20

اڈوانی کی طرح نریندر مودی بھی منتظر وزیر اعظم رہیں گے - کانگریس

لدھیانہ/نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف بی جے پی کے ایم پی امیدوار نریندر مودی تنقیدوں کے جواب میں جنتادل یو اور کانگریس نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ جنتادل یو کے لیڈر کیسی تیاگی نے منی شنکر ائیر کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ کوئی چائے والا اگر وزیراعظم بنتا ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہوگا لیکن زہریلی چائے فروخت کرنے والا ہندوستان کا وزیراعظم نہیں بن سکتا۔ دو دن قبل منی شنکر ائیر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نریندر مودی کبھی بھی ہندوستان کے وزیراعظم نہیں بن سکتے۔ اگر وہ چاہیں کانگریس کے اجلاس میں چائے فروخت کرسکتے ہیں۔ کے سی تیاگی نے کہاکہ نریندر مودی نے تمام گجرات میں زہریلی چائے فروخت کی ہے اور اب وہ ملک بھر میں اپنی یہی زہریلی چائے فروخت کرنے کے مشن پر ہیں۔ اگرچہ کہ کانگریس نے منی شنکر ائیر کے بیان سے لا تعلقی کااظہار کیا ہے لیکن جنتادل یو نے منی شنکر ائیر کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مودی کا پس منظر اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ تمام ملک کیلئے قابل قبول نہیں ہوسکتے۔ دوسری طرف کانگریس کے جنرل سکریٹری اجئے ماکن نے بی جے پی کے تعلق سے کہاکہ یہ پارٹی وزارت عظمی کیلئے صرف اپنا امیدوار نامزد کرسکتی ہے، مضبوط حکومت اور وزیراعظم فراہم نہیں کرسکتی۔ بی جے پی گجرات کے ناکام ماڈل کو بنیاد بناتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے۔ گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا یہ خواب دھرا کا دھرا رہ گیا، صرف امیدوار نامزد کئے گئے، وزیراعظم کوئی بھی بن نہیں سکا۔ اڈوانی کی حسرت پوری نہیں ہوئی، اسی طرح نریندر مودی کا خواب ایک حسرت بن کر رہ جائے گا۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات منیش تیواری نے لدھیانہ میں یہ بات بتائی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں