اترپردیش حکومت کا 17 رکنی وفد اعظم خان کے زیر قیادت غیر ملکی دورے پر روانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-09

اترپردیش حکومت کا 17 رکنی وفد اعظم خان کے زیر قیادت غیر ملکی دورے پر روانہ

ایک ایسے وقت جب کہ مظفر نگر میں فساد متاثرین بے آسرا ہیں اور شدید سردی کے باعث پریشان ہیں جس سے اب تک 34 بچوں کی موت ہوئی ہے، اترپردیش حکومت کا ایک 17رکنی وفد پانچ ملکی دورے پر روانہ ہوگیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے کہاکہ یہ دورہ ایسے وقت کیا جارہا ہے جب مظفر نگر فسادات کے متاثرین ریلیف کیمپوں میں مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس نے سماج وادی پارٹی کی زیر قیادت حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ صرف تفریح میں دلچسپی رکھتی ہے اور عوامی خدمات سے اسے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے ایسے وقت جبکہ عوام ریاست میں سردی کی وجہہ سے فوت ہورہے ہیں سیفائی مہااتسو منعقد کرنے پر بھی شدید نکتہ چینی کی۔ سرکاری ذرائع نے کہاکہ حکومت اترپردیش کا وفد جس میں اکھلیش یادو کابینہ کے 8ارکان شامل ہیں 20روزہ دورہ پر ترکی، نیدر لینڈ، برطانیہ، یونان اور متحدہ عرب امارات کے دورہ پر روانہ ہوا ہے جہاں وہ پارلیمانی تکنیک کا جائزہ لیں گے۔ رگھوراج پرتاب سنگھ عرف راجہ بھیا، امبیکا سونی، اوم پرکاش سنگھ، ابھیشیک مشرا، بھگوت شرن گنگوار، شیوکمار بیریا اوریوگیش سنگھ پرمشتمل وفد کی قیادت وزیر شہری ترقیات اعظم خاں جو ضلع مظفر نگر کے انچارج بھی ہیں، کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر اکھلیش یادو ریاستی اسمبلی کے اسپیکر ماتا پرساد پانڈے، سی ایل پی قائد پردیپ ماتھر اور شیوپال یادو نے خود کو دورہ سے علیحدہ کرلیا۔ کانگریس نے ریاستی حکومت کی جانب سے بیرونی ملک کے دورہ پر وزراء کو روانہ کرنے پر نکتہ چینی کی اور کہاکہ ایسے وقت جبکہ عوام ریاست میں سردی سے فوت ہورہے ہیں اور مظفر نگر فسادات کے متاثرین کی حالت قابل رحم ہے حکومت نے ان قائدین کو تفریح کیلئے روانہ کیا ہے۔ کانگریس قائد اور رکن اسمبلی اکھلیش پرتاپ سنگھ نے کہاکہ اگر کئی وزراء 20 دن کے لئے اپنے وزارتوں سے دور ہیں تو آپ سمجھ سکتے ہیں کہ صورتحال کیا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پہلے ہی ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال ابتر ہے۔ عوام ریاست بشمول مظفر نگر جہاں پر صورتحال قابل رحم ہیں سردی سے مررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے ایس پی کو ان کی خدمات کیلئے ووٹ یا مگر حکومت سیر و تفریح میں مصروف ہے۔ سیفائی کے نام پرحکومت کی مشنری کا بیجا استعمال کیاگیا اور اب وزراء کو بیرونی دورہ پر روانہ کیا گیا ہے۔ بی جے پی کے ترجمان اعلیٰ وجئے بہادر پھاٹک نے اسی طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ریاستی وزراء عوامی خدمت کے بجائے تفریح میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وفد میں شامل 17 ارکان میں جو دولت مشترکہ پارلیمنٹری اسوسی ایشن کا ایک حصہ ہیں، 8 ارکان وزراء ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے تین ارکان اسمبلی، بی جے پی اور آر ایل ڈی کے علی الترتیب ایک ایک رکن کے علاوہ پرنسپل سکریٹری اسمبلی پردیپ دوبے شامل ہیں۔ سیفائی مہااتسو تقریب میں بالی ووڈ اسٹار سلمان خان اور مادھوری ڈکشت اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ ایک رکن اسمبلی نے اس خصوص میں کس طرح کے اسراف کی تردید کی اور کہاکہ ارکان مقننہ کی دیگر ممالک میں پارلیمنٹ اور اور لائبریز کا معائنہ کی سہولت فراہم کرنااور دیگر ممالک کے تجارتی اور معاشی سرگرمیوں سے واقف کروانا ایک سود مند تجربہ ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق مجموعی طورپر ایک شخص کیلئے اخراجات پانچ لاکھ روپئے سے بڑھنا نہیں چاہئے۔

ایجنسیوں کی اطلاع کے بموجب ایک طرف جہاں اترپردیش کے مظفر نگر اور شاملی اضلاع میں بدترین فرقہ وارانہ فسادات سے متاثرہ لوگ خانہ بدوشوں کی زندگی گذار رہے ہیں اور سخت سرد موسم کے باعث ریلیف کیمپس میں 34 معصوم بچوں کے بشمول کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں، ایسے میں سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے آبائی موضع سیفائی میں ایک سالانہ میلہ کا دھوم دھڑاکے کے ساتھ اہتمام کیا گیا ہے جس میں بالی ووڈ اسٹار سلمان خان اور مادھوری ڈکشت کے بشمول کئی فلمی شخصیتوں نے ڈکشت کے بشمول کئی شخصیتوں نے شرکت کی۔ چہارشنبہ کی رات اس اتسو کے اہتمام پر ایک تنازعہ پیدا ہوگیا اور کئی گوشوں سے سماج وادی پارٹی پر تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ اس اتسو میں شرکت کیلئے ملائم سنگھ یادو نے بالی ووڈ اداکاروں بشمول مادھوری اور سلمان خان کو کروڑوں روپئے ادا کئے ہیں۔ بالی ووڈ کی ان شخصیتوں کو خصوصی چارٹرڈ طیارہ میں سیفائی گاؤں لایاگیا اور فساد متاثرین کی ناقابل بیان تکالیف اور مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے اس اتسو میں موج مستی کا پورا سامان فراہم کیا گیا۔ اس دوران سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو کے آبائی موضع سیفائی میں ایک تہذیبی پروگرام کے لائیوکوریج پر ضلع انتظامیہ نے پابندی لگادی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ پی گرو پرساد نے سابقہ برسوں کے برخلاف اس پروگرام کو براہ راست پیش کرنے کی اجازت نہیں دی لیکن ایک دو منٹ کے کلپس کی شوٹنگ کی اجازت رہے گی۔ انفارمیشن آفیسر ایس ڈی دوبے نے کہاکہ الکٹرانک میڈیا کے کیمروں کو اسٹیج کے سامنے کے مقام پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیفائی مہا اتسو کی انتظامی کمیٹی کے صدر دھرمیندر یادو نے کہاکہ پروگرام کے آغاز میں ویڈیو کلپس شوٹ کی جاسکتی ہیں۔ پرفارمنس کے دوران نہیں۔ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان، مادھوری ڈکشت، عالیہ بھٹ، سارہ خان، سوہا علی خان، موسیقار ساجد واجد اور گلوکار جاوید علی اور ان کی ٹیمیں سیفائی پہونچ گئی ہیں۔

Uttar Pradesh delegation leaves on 5-nation tour

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں