اقوام متحدہ نیوکلیر نگران ایجنسی معائنہ کار ٹیم کی ایران میں آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-19

اقوام متحدہ نیوکلیر نگران ایجنسی معائنہ کار ٹیم کی ایران میں آمد

تہران
(اے ایف پی )
اقوام متحدہ کی نیوکلیر نگران ایجنسی کے معائنہ کاروں کی ایک ٹیم آج تہران پہونچی ۔ سرکاری میڈیا نے یہ اطلا ع دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیم سنگ میل معاہدہ کے نفاذ کا جائزہ لے گی جس کے تحت ایران کے نیوکلیر پروگرام پر عارضی پابندیاں عاید کی گئی ہیں ۔ انٹر نیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ایران ٹاسک فورس شعبہ کے سربراہ میسیموا پارو کی زیر قیادت ٹیم ایرانی نیوکلیر عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کرے گی ۔ جائزہ کے بعد معائنہ کاروں کی ٹیم ویانا میں قائم ایجنسی کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ جس میں یہ وضاحت کی جائے گی کہ نومبر کے دوران معاہدہ پر دستخط اور گذشتہ ہفتہ اس کی قطعیت کے بعد ایران نے کون کون سے اقدامات کئے ہیں ۔ ایران اور 6عالمی طاقتوں کے ساتھ بات چیت برسوں سے جاری ہے جو ہمیشہ غیر نتیجہ خیز رہی ۔ بہر حال اس بار ایک معاہدہ طے ہو اجس پر عمل آوری 20جنوری سے شروع ہوگی ۔ اس معاہدہ کے تحت ایران کئی شرائط کا پابند ہوگا جن میں یورانیم افزدوگی کو 5فیصد تک محدود کرنا شامل ہے ۔ علاوہ ازیں ایران 20فیصد تک افزودہ یورانیم ذخائر کو بھی یکساں بنانے کا پابند ہوگا ۔ آئی اے ای اے انسپکٹرس خصوصی طور پر ان دونوں اقدامات کا مکمل جائزہ لیں گے ۔ معاہدہ کے 6ماہ تک عالمی طاقتیں ایران سے اس کے نیوکلیر عزائم سے متعلق تشویش دور کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیتی رہیں گی ۔
UN Nuclear Inspectors Arrive in Tehran for Start of Interim Pact

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں