کولکاتا گینگ ریپ کیس - قومی کمیشن برائے خواتین کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-08

کولکاتا گینگ ریپ کیس - قومی کمیشن برائے خواتین کا مطالبہ

قومی کمیشن برائے خواتین نے آج مطالبہ کیا کہ حکومت مغربی بنگال ان پولیس عہدیداروں کے خلاف تحقیقات کا حکم دے جنہوں نے مبینہ طورپر ایک 16 سالہ لڑکی کے خاندان کے ساتھ غلط برتاؤ کیا تھا جس کی عصمت ریزی کی گئی اور قتل کردیاگیاتھا۔ ہم نے چیف منسٹر مغربی بنگال کو مکتوب لکھا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پولیس عہدیداروں کو جنہوں ین لڑکی کے خاندان سے غلط برتاؤ کیا تھا انہیں معطل کردیاجائے اور ایک انکوائری کرائی جائے۔ نیشنل کمیشن برائے خواتین کی صدرنشین ممتا شرما نے آج یہاں لڑکی کے ارکان خاندان سے ملاقات کے بعد یہ بات کہی۔ ہم نے ممتا بنرجی سے یہ بھی کہا کہ متاثرہ کے خاندان کو پولیس تحفظ فراہم کیا جائے اور انہیں معاوضہ دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ قومی کمیشن برائے خواتین کاایک وفد وہاں حالات کا جائزہ لینے کے لئے جلد ہی چند خواتین تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ مغربی بنگال کا دورہ کرے گا۔ قبل ازیں دن میں اجتماعی عصمت ریزی کی متاثرہ لڑکی کے ارکان خاندان نے قومی کمیشن برائے خواتین کی صدرنشین کو ایک یادداشت پیش کی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ہم کو مغربی بنگال کی حکومت اور ریاستی انتظامیہ کی جانب سے انصاف نہیں ملا جنہوں نے جرم کے خاطیوں کے خلاف فوری کارروائی نہیں کی۔ بعدازاں ان ہی اشرار نے جن میں سے چند ریاست میں برسر اقتدار پارٹی سے قریب سمجھے جاتے ہیں ان کے خلاف ایک شکایت درج کرانے کی ہمت کرنے کیلئے سزا کے طورپر اس لڑکی کا اغوا کیا اور اس کو زندہ جلا ڈالا۔ لڑکی کے والد نے یہ بات بتائی۔

Kolkata gang rape case: NCW demands inquiry against police officials

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں