مغربی بنگال میں اراضی کی غیر دستیابی کے سبب ایمس طرز کے اسپتال کا قیام مشکل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-08

مغربی بنگال میں اراضی کی غیر دستیابی کے سبب ایمس طرز کے اسپتال کا قیام مشکل

ایمس طرز کے اسپتال کا ریاست میں قیام کے معاملے پر کانگریس اور ریاست میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس میں تکرار کا سلسلہ کافی دنوں سے جاری ہے۔ پیر کو اس لڑائی کو ایک نئی راہ دکھاتے ہوئے مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر غلام نبی آزاد نے بنگال دورہ کے دوران یہ کہا کہ فی الحال ریاست مغربی بنگال میں ایمس کی طرز کے اسپتال کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس معاملے میں سب سے بڑی رکاوٹ حصول اراضی ہے جس کے سامنے ریاستی حکومت بے بس نظر آرہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سپر اسپیشلیٹی اسپتال کے قیام میں ریاستی حکومت کو مرکزی حکومت ہر ممکن تعاون دے گی۔ مگر اس کے قیام کیلئے ریاست کے عوام کو تکلیف نہیں دی جاسکتی۔ دریں اثناء انہوں نے یہ بھی اطلاع دی کہ ریاست میں شعبہ صحت میں زبردست انقلاب آنے والا ہے۔ اس کیلئے پیر کو مرکزی وزیر نے کئی طرح کے اعلانات بھی کئے جن میں ایک اہم اعلان یہ ہے کہ کینسر کے علاج میں ریاست مغربی بنگال خود مختار ہوگی۔ چترنجن کینسر اسپتال کے جدید طرز سے آراستہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس کا دوسرا کیمپس راجرہاٹ میں جلد ہی قائم ہوگا۔ اس سے قبل مرکزی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود جناب غلام نبی آزاد اور مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کو کولکاتا میں میڈیکل کالج اور ہاسپٹل کے سپراسپیشلٹی بلاک بلڈنگ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا اور ساتھ ہی ساتھ اکیڈیمک بلڈنگ کمپلیکس اور میڈیکل کالج و ہاسپٹل کے او پی ڈی بلڈنگ کا افتتاح بھی کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران غلام نبی آزاد نے کہا کہ اس پروجیکٹ کیلئے مرکز کے ذریعہ 75فیصد اور ریاستی حکومت کے ذریعہ 25فیصد مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔ ان پروجیکٹوں کو 3سال قبل منظوری دی گئی تھی اور آج یہ شرمندہ تعبیر ہورہے ہیں۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہاکہ چترنجن نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ (سی این سی آئی) اپنی تمام تر سہولیات کی وجہ سے مشرقی ہندوستان میں اول درجہ کا کینسر کیر سنٹر بن گیا ہے۔ لہذا کینسر کے مریضوں کو مفت دوائیاں فراہم کرنا کافی نہیں ہے بلکہ کینسر کے مریضوں کے مزید خصوصی سہولتیں فراہم کرنا بھی ضروری ہے، یہ ادارہ مزید تحقیقی کام پر زور دے گا۔ اس موقع پر حکومت مغربی بنگال کی وزیر صحت و محکمہ خاندانی بہبود کی وزیر چندریما بھٹا چاریہ بھی موجود تھیں۔ چترنجن نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ (سی این سی آئی) ایک علاقائی کینسر سنٹر ہے۔ یہ مشرقی ہندوستان میں ایک بڑا کینسر کےئر سنٹر کی حیثیت رکھتا ہے اور ریسرچ کی سہولتوں کے ساتھ بہتر کینسر کا علاج فراہم کرتا ہے۔ اس انسٹی ٹیوٹ میں مریض نہ صرف مغربی بنگال سے بلکہ شمال مشرقی ہندوستان، بہار، اوڈیشہ اور بنگلہ دیش و نیپال جیسے ملکوں سے بھی مریض آتے ہیں۔ 2013 کے دوران کل کیسوں کی تعداد 8187 درج کی گئی۔

Bengal AIIMS hits dead-end due to land issues: Azad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں