لشکر طیبہ کا مظفر نگر فساد متاثرین سے ربط - میڈیا کی اطلاعات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-08

لشکر طیبہ کا مظفر نگر فساد متاثرین سے ربط - میڈیا کی اطلاعات

ان اطلاعات کے دوران کہ مشتبہ لشکر طیبہ دہشت گردوں نے اپنے ماڈیول کیلئے لوگوں کو بھرتی کرنے مظفر نگر فساد متاثرین سے ربط پیدا کیا تھا، کانگریس نے آج کہاکہ راہول گاندھی کا یہ بیان درست ثابت ہوا ہے کہ پاکستان کی آئی ایس آئی، فساد متاثرین کو راغب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اسی دوران بی جے پی نے حکومت سے کہاکہ وہ لشکر طیبہ کی کارروائی کے بارے میں حقائق کی وضاحت کرے۔ کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ اس رپورٹ سے راہول گاندھی کے فساد متاثرین کے بارے میں بیان کی توثیق ہوئی ہے جو انہوں نے گذشتہ سال اکتوبر میں ایک انتخابی ریالی میں دیا تھا اورجس پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت تنقید کی تھی۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ اگر یہ اطلاع درست ہے کہ لشکر طیبہ کے کچھ لوگ پناہ گزینوں کو لالچ دینے ریلیف کیمپس گئے تھے تو راہول گاندھی کی بات درست ثابت ہوتی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاع کے مطابق لشکر طیبہ سے مشتبہ روابط کے سلسلہ میں گذشتہ ماہ گرفتار کئے گئے ہریانہ کے دو مولویوں کے علاوہ لشکر طیبہ کے ایک اور کارکن سے پوچھ تاچھ کرنے سے پتہ چلا ہے کہ انہوں نے اپنے ماڈیول کیلئے لوگوں کی بھرتی کرنے مبینہ طورپر مظفر نگر ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا تھا۔ مرکزی وزیر منیش تیواری نے بی جے پی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہاکہ جو لوگ تفرقہ ڈالنے کی سیاست میں ایقان رکھتے ہیں اور جو لوگ فرقہ پرستی کی سیاست میں یقین کرتے ہیں انہیں اس بات سے آگاہ ہونا چاہئے کہ وہ ہندوستان کے نظریہ کو کتنا نقصان پہنچارہے ہیں۔ بہرحال بی جے پی نے مطالبہ کیا کہ وزیر داخلہ حقائق کی وضاحت کریں کیونکہ موجودہ صورتحال ناقابل قبول ہے۔ بی جے پی ترجمان پرکاش جاودیکر نے کہاکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لشکر طیبنہ اور ایسی دیگر تنظیموں کا نیٹ ورک کتنا مضبوط ہے جنہیں پاکستان سے فنڈس فراہم کئے جاتے ہیں اور وہ یوپی میں موجود ہیں۔ آخر انہوں (حکومت) نے کیا کارروائی کی ہے۔ یہ ایک قومی مسئلہ ہے۔ ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا نہ کسی کا پتہ چلایا گیا۔ یہ ناقابل قبول ہے۔ حکومت اترپردیش اور مرکز کو اس کا جواب دینا چاہئے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ بی جے پی نے مرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ راہول گاندھی کے بیان کے بعد اس نے اس ضمن میں جو اقدامات کئے ہیں ان کی وضاحت کرے۔ سماج وادی پارٹی لیڈر نریش اگروال نے کہاکہ مظفر نگر کئی جماعتوں کیلئے سیاسی مہرہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس کیس کے حقائق سے واقف نہیں ہیں۔ دہلی پولیس کو اپنا کام کرنا چاہئے لیکن اس مسئلہ پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔

War of words over 'LeT links' in Muzaffarnagar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں