جاسوسی تنازعہ - تفتیشی کمیشن کیلیے جج کا عنقریب تقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-11

جاسوسی تنازعہ - تفتیشی کمیشن کیلیے جج کا عنقریب تقرر

مرکز ایک یا دو دن میں ایک عدالتی کمیشن کی صدارت کیلئے جج کا تقرر کرے گا تاکہ 2009ء میں مبینہ طورپر چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کی ایما پر ایک خاتون کی جاسوسی کے الزامات کی تحقیقات کرائی جاسکیں۔ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج کہاکہ ہم بہت جلد ایک جج کا تقرر کریں گے۔ ایک یا دو دن میں یہ فیصلہ کرلیا جائے گا۔ انہوں نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ کوئی بھی جج ایسے کمیشن کی صدارت کرنے تیار نہیں ہے۔ ریٹائرڈ سپریم کورٹ جج کی زیر صدارت یہ کمیشن سابق بی جے پی حکومت کی جانب سے چیف منسٹر ہماچل پردیش ویر بھدرا سنگھ کی جاسوسی کی بھی تحقیقات کرے گا۔ وہ اس وقت اپوزیشن میں تھے۔ اس کے علاوہ دہلی میں بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی کے کال ڈاٹا ریکارڈس کے افشاء کا بھی جائزہ لے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ کہنا درست نہیں کہ ججس یہ ذمہ داری قبول کرنے سے گریزکررہے ہیں۔ بعض مسائل ہیں لیکن ہم جلد ہی ان پر قابو پالیں گے۔ وہ ماہانہ پریس کانفرنس میں سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کہاکہ انہوں نے محکمہ قانون کو اس سلسلہ میں ایک مکتوب روانہ کیا ہے۔ شنڈے نے کہاکہ میں نے وزیر قانون کپل سبل سے بھی بات چیت کی ہے اور ہم جلد ہی ایسا کریں گے۔ مرکزی کابینہ نے سیاسی تنازعہ کا حل تلاش کرنے گذشتہ ماہ ایک عدالتی کمیشن آف انکوائری قائم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ 2009ء میں مودی کی ہدایت پر ریاستی عہدیداروں کی جانب سے ایک نوجوان خاتون کی غیرقانونی نگرانی کے الزامات کی تحقیقات کی جاسکیں۔ اس مسئلہ پر بی جے پی کی مخالفت کے باوجود مرکزی کابینہ نے کمیشنس آف انکوائری ایکٹ کے تحت یہ فیصلہ کیا حالانکہ مودی حکومت پہلے ہی ایک ایسا کمیشن قائم کرچکی ہے۔

Judge for Gujarat snoopgate probe to be appointed soon: Shinde

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں