ہندوستان کی 4 طیرانگاہوں پر ایربس A-380 کی پروازوں کی اجازت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-28

ہندوستان کی 4 طیرانگاہوں پر ایربس A-380 کی پروازوں کی اجازت

وزارت شہری ہوابازی نے بعض اہم بیرونی ایرلائنز کے دیرینہ مطالبہ کے بعد آج، ہندوستان کی 4بڑی طیرانگاہوں پر ایر بس A-380 طیاروں کے آپریشنس(لینڈنگ /ٹیک آف) کی منظوری دے دی ہے۔ یہ طیران گاہیں، سوپر جمبو طیاروں کے آپریشنس کیلئے موزوں ہیں۔ ڈائرکٹریٹ جنرل شہری ہوابازی، ایرانڈیا اور ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا(اے اے آئی) کے مابین کئی ہفتے طویل مشاورت کے بعد 2منزلہ طیاروں کے آپریشنس پر سے پابندی اٹھالی گئی۔ یہاں یہ بات بتادی جائے کہ A-380 ایربس میں 850 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ ان نشستوں میں اکنامک کلاس بھی شامل ہے۔ البتہ جن طیاروں میں 3قسم کی نشستیں ہیں ان میں 550تا 600 مسافرین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ A-380 طیاروں کی پروازیں، مختلف ممالک کے ساتھ طے پائے باہمی ایرسروس اگریمنٹس (اے ایس ایز) کے دائرہ کے تحت ہوں گے اور مجموعی ٹریفک قواعد کے تابع ہوں گے۔ ایک سرکاری ترجمان نے یہ بات بتائی۔ ملک کی جن 4طیرانگاہوں پر A-380 طیاروں کے آپریشنس کی اجازت دی گئی ہے ان میں دہلی، ممبئی ، بنگلور اور حیدرآباد کا راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شامل ہیں جہاں ان طیاروں کیلئے درکار بنیادی سہولتیں موجود ہیں۔ تمام 4طیرانگاہوں کیلئے ڈائرکٹریٹ جنرل شہری ہوابازی سے سرٹیفکٹ حاصل کرنا ہوگا اور دیوہیکل طیاروں کیلئے درکار سرویس کی اصطلاحوں میں کافی تیاری کرنی ہوگی۔ بحالت موجودہ 10انٹرنیشنل ایرلائنز کے منجملہ 9 ایرلائنز نے ہندوستان میں A-380 پروازیں چلانے کا شیڈول بنایا ہے۔ دنیا بھر میں بحالت موجودہ زیرپرواز A-380 طیاروں کی تعداد زائد از110ہے۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایاکہ مختلف ممالک سے ہندوستان کو A-380 طیاروں کی پروازوں کی اجازت دینے سے قبل فی ہفتہ نشستوں کی اصطلاحوں میں معقولیت پیدا کی جائے گی۔ دیگر ممالک اور ہندوستان کے درمیان یادداشت مفاہمت کے ذریعہ جو باہمی مشاورت کے ذریعہ قطعیت پائیں گی، پروازوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

India gives go ahead for Airbus A-380 flights

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں