ہندوستان چیلنجوں سے نمٹنے میں مالدیپ کی مدد کا پابند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-04

ہندوستان چیلنجوں سے نمٹنے میں مالدیپ کی مدد کا پابند

صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ ہندوستان دفاعی و صیانتی مقاصد کے حصول میں مالدیپ کی مدد کرنے کا پابند ہے کیونکہ دونوں ملکوں کو قزاقی، اسمگلنگ، انتہاپسندی اور مذہبی بنیادی پرستی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ پرنب مکرجی نے مالدیپ کے صدر عبداﷲ یامین عبدالقیوم کا خیرمقدم کرتے ہوئے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد پہلے سرکاری دورہ پر ہندوستان آئے ہوئے ہیں کہاکہ اس دورہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مالدیپ ہندوستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو کتنی ترجیح دیتا ہے۔ ہم مکمل جوابی خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ مالدیپ کی طرح ہندوستان بھی بحیرہ ہند میں بلاخلل امن وسلامتی کاخواہاں ہے۔ دونوں ملکوں کو قزاقی، اسمگلنگ، انتہاپسندی اور مذہبی بنیاد پرستی جیسے چیلنجس کا سامنا ہے۔ صدر جمہوریہ نے کل راشٹرا پتی بھون میں مالدیپ کے اعزاز میں ایک بینکویٹ کا اہتمام کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہاکہ ہندوستان مذکورہ مسائل سے نمٹنے کیلئے مالدیپ کی ضروریات سے پوری طرح واقف ہے اور دفاعی و صیانتی مقاصد کے حصول میں حکومت مالدیپ کی مدد کا پابند ہے۔ پرنب مکرجی نے کہاکہ بہترین دفاعی و صیانتی تعلقات ہندوستان و مالدیپ کے درمیان قریبی تعاون کے شعبہ میں شمار ہوتے ہیں۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہندوستان بحیرہ ہند کے علاقہ میں امن و امان کو یقینی بنانے مالدیپ اور دیگر ہم خیال ممالک کے ساتھ کام کرنے کاخواہاں ہے، صدرجہموریہ نے کہاکہ دونوں ملک اس معاملہ میں فطری شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ علاقائی سطح پر دونوں ملک تعاون میں اضافہ کیلئے کافی کچھ اقدامات کرسکتے ہیں تاکہ بحری جہاز رانی کے بارے میں بیداری پیدا کرسکیں اور باہمی نگرانی و تال میل میں اضافہ کرسکیں۔ پرنب مکرجی نے کہاکہ ہندوستان آزادانہ و منصفانہ انتخابی عمل اور تعمیری نتائج کو یقینی بنانے میں مالدیپ کی سیاسی قیادت کی کوششوں کی ستائش کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ صدارتی انتخابات اور اس جزیرہ نما ملک میں اقتدار کی پرامن منتقلی اس بات کی گواہ ہے کہ اس ملک میں جمہوریت مضبوط ہورہی ہے۔

India committed to aiding Maldives in addressing challenges

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں