ہم جنس پرستی - سپریم کورٹ فیصلہ پر وزراء کی تنقید ناقابل قبول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-04

ہم جنس پرستی - سپریم کورٹ فیصلہ پر وزراء کی تنقید ناقابل قبول

سپریم کورٹ نے آج ہم جنس پرستی پر اس کے حکم پر چند مرکزی وزراء اور سیاسی پارٹیوں کی جانب سے دئیے گئے تنقیدی بیانات کو سختی کے ساتھ نا منظور کردیا۔ جسٹس جی ایس سنگھوی اور ایس جے مکوپانڈیا پر مشتمل سپریم کورٹ کی ایک بنچ نے ایک خانگی مقام میں دو بالغ افراد کے درمیان ہم جنس پرستی کوجرم قرار نہ دینے کے دہلی ہائیکورٹ کی 2009ء کی رولنگ کو پلٹ دیاتھا۔ سپریم کورٹ نے گذشتہ سال دسمبر میں رولنگ دی تھی کہ ہم جنس پرستی فطری طورپر دفعہ 377 کے تحت ایک جرم ہے۔ چیف جسٹس ستا شیوم کی زیر صدارت بنچ نے وزراء کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دائر کردہ مفاد عامہ کی ایک درخواست کو مسترد کردیا جنہوں نے فیصلہ پر تنقید کی تھی لیکن انہیں خبردار کیا کہ مستقبل میں چوکس رہیں کیونکہ ان کے بیانات اچھے نہیں ہیں۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی، مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم، مرکزی وزیر قانون کپل سبل نے رولنگ پر تنقید کی تھی۔ مرکز اور این اے 2 فاونڈیشن سپریم کورٹ کی رولنگ پر دوبارہ غور کرنے کی استدعا کرتے ہوئے نظرثانی کی ایک درخواست دائر کرچکے ہیں۔ درخواست گذار کی جانب سے پیروی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ ایچ پی شرما نے استدلال کیا کہ وزراء کے ریمارکس اس عدالت کی جانب سے قابل عمل قانون کی خلاف ورزی کارروائی کی جانی چاہئے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مرکز ایک فریق ہے اور اس کو قانون میں ترمیم کا حق حاصل ہے لیکن جب تنازعہ سپریم کورٹ کے روبرو آیا ہے تو وزراء اور چیف منسٹر کا فرض ہے کہ ایک ہتک آمیز اندازمیں فیصلہ پر نکتہ چینی کرنے کے بجائے فیصلہ کا احترام کریں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ وزراء جنہوں نے دستور کے شیڈول III کے تحت حلف لیا ہے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ چنانچہ ان کے تقررات غیر دستوری اور غیر قانونی ہیں۔ ہم جنس پرستی کو قانونی طورپر جرم قرار نہ دینے کے 2 جولائی 2009ء کے دہلی ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہاکہ آئی پی سی کی دفعہ 377 کے تحت دہلی ہائیکورٹ کا فیصلہ قانونی طورپر غیر پائیدار ہے۔ اس فیصلہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزراء کے بشمول زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے پورے ملک میں احتجاجات بھڑک اٹھے۔

Homosexuality, SC criticizes ministers' decision unacceptable

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں