دفاعی اور معاشی شعبوں میں تعاون - ہندوستان اور مالدیپ کا اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-03

دفاعی اور معاشی شعبوں میں تعاون - ہندوستان اور مالدیپ کا اتفاق

ہندوستان اور مالدیپ نے آج متعدد اہم دفاعی اور سکیورٹی شعبہ میں تعاون سے اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک نے شہریوں کیلئے ویزا میں رعایت دینے اور مالے ایرپورٹ میں جی ایم آر کی سرمایہ کاری کے مسئلہ کو خوشگوار طریقہ پر حل کرنے سے اتفاق کیا۔ ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان گذشتہ چند برسوں کے دوران باہمی تعلقات میں تلخیاں پیدا ہوگئی تھیں اب دونوں ممالک نے ان تلخیوں کو نظر اندازکرتے ہوئے اسٹراٹیجک شراکت داری کو مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا اور ہندوستان معاشی بحران کا سامنا کررہے اس ملک کو ڈھائی کروڑ ڈالر کا قرض دینے کے ساتھ صحت اور تعلئیم کے شعبہ میں تعاون دینے کا اعلان کیا۔ نئے سال پر ہندوستان کے چار روزہ دورہ پر آئے مالدیپ کے نومنتخب صدر عبداﷲ یامین عبدالقیوم اور وزیراعظم منموہن سنگھ کے مابین یہاں وفد کی سطح کے ایک اجلاس میں ہندوستان اور مالدیپ کے مابین ویزا کی شرائط میں بھی رعایت دئیے جانے اور فضائی رابطہ بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ اجلاس کے بعد مالے میں اندرا گاندھی میموریل ہاسپٹل میں انسانی وسائل کی دستیابی اور صحت کے شعبہ میں تعاون کے معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔ اس کے علاوہ مالدیپ کے سفارتخانہ کیلئے نئی عمارت کی تعمیر کیلئے نئی دہلی میں زمین فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ اجلاس میں وزیر دفاع اے کے انٹونی، وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے، وزیر خارجہ سلمان خورشید، وزیر مملکت برائے امور داخلہ ای احمد، قومی سلامتی کے مشیر شیوشنکر مینن اور خارجہ سکریٹری سجاتا سنگھ بھی موجود تھیں۔ میٹنگ میں ہندوستان، سری لنکا اور مالدیپ کے مابین سہ فریقی بحری سکیورٹی معاہدہ کے تحت تعاون بڑھانے، بحرہند میں مشترکہ گشتہ اور بحری و فضائی نگرانی بڑھانے، اطلاعات کے تبادلہ، صلاحیت سازی اور بحری قزاقوں کے خلاف موثر قانونی نظام وضع کرنے پر بھی اتفاق رائے ہوا۔ سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل اور مالدیپ میں ہندوستانی سرمایہ کاروں کی سہولت اور سرمایہ کے تحفظ کے معاہدے کے امکانات پر غور و خوص کرنے، سیاحت، آمدورفت، اطلاعاتی ٹکنالوجی، صحت، ماہی گیری کے فروغ، بینکنگ اور بیمہ شعبہ میں تعاون پر بھی فیصلے کئے گئے۔ ہندوستان نے مالدیپ کو ہندوستان سے درآمد کیلئے ڈھائی کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دی اور مالدیپ کی درخواست پر اسے ڈیزل، پٹرول اور طیاروں کے ایندھن کی سپلائی کی منظوری دی۔ دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے شہریوں کیلئے ویزے کے ضابطوں کو سہل بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ مالے اور کوچی کے درمیان فضائی اور بحری آمدورفت برھانے اور مالے ممبئی اور دہلی سیکٹر پر فضائی خدمات بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ مالدیپ نے ہندوستان کے اقوام متحدہ کی سلاتی کونسل کی مستقل رکنیت کے دعوے کی حمایت کی۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مالدیپ کے ساتھ بحری دفاعی تعاون کو فوقیت دیتے ہوئے کہاکہ بحر ہند میں امن و خوشحالی اور سلامتی کیلئے یہ بہت اہم ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خطرہ کے تئیں چوکنا رہنے اور سلامتی کے تئیں ایک دوسرے کی تشویش کے بارے میں حساس رہنے کا عزم کیا۔ وزیراعظم نے مالدیپ کی سلامتی دستوں کو تربیت دینے اور ہتھیاروں و آلات کی سربراہی سمیت ہمہ جہت تعاون کا وعدہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت کو 7 ارب روپئے تک بڑھانے اور اس میں توازن پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے صدر یامین اور مالدیپ کے عوام کو صدارتی انتخابات میں کامیابی کے ساتھ پرامن اختتام اور اقتدار کی سہل انداز میں منتقلی پر مبارکباد دی۔ یامین کی اہلیہ فاطمہ ابراہیم بھی ان کے ہمراہ ہندوستان کا دورہ کررہی ہیں۔ یامین کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ملک کا دورہ کررہا ہے جن میں قاسم ابراہیم رکن پارلیمنٹ، وزیر خارجہ دنیامامون، وزیر معاشی ترقیات محمد سعید، وزیر سیاحت احمد ادیب عبدالغفور، وزیر صحت مریم شکیلا، وزیراعظم کے دفتر کے امور کے وزیر محمد حسین شریف، مملکتی وزیر امور نوجوانان و کھیل محمد غسن مامون، خارجہ سکریٹری علی ڈاکٹر علی نصیر محمد، ہائی کمشنر برائے ہند محمد نصیر اور دیگر سینئر عہدیدارشامل ہیں۔ قبل ازیں آج صبح صدر مالدیپ کو راشٹرا پتی بھون میں استقبالیہ ترتیب دیا گیا۔ اپنے قیام کے دوران یامین وزیر دفاع اے کے انٹونی، وزیر خارجہ سلمان خورشید، لوک سبھا میں قائد اپوزیشن سسشما سوراج اور خارجہ سکریٹری سجاتا سنگھ بھی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے آج نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری سے ملاقات کی۔ اپنے قیام کے دوران یامین اودے پور اور آگرہ کا بھی دورہ کریں گے۔

India, Maldives agree to strengthen defense cooperation, economic ties

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں