وقارآباد میں حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلنس کا اتوار کو افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-04

وقارآباد میں حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلنس کا اتوار کو افتتاح

حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلنس کا وقار آباد کے چلم پلی موضع میں وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس ستیہ نارائنا کے ہاتھوں اتوار 5جنوری کو 11:30بجے افتتاح عمل میں آئے گا۔ اے کے خان ڈائرکٹر جنرل پولیس اینٹی کرپشن بیورو، انوارالہدیٰ ڈائرکٹر پولیس و منیجنگ ڈائرکٹر پولیس ہاوزنگ کارپوریشن اور محترمہ تسنیم عثمانی ڈائرکٹر ایجوکیٹ انڈیا فنڈ شکاگو اعزازی مہمان ہوں گے۔ غیاث الدین بابو خان بانی و چیرمین نے آج ایک پریس کانفرنس میں بتایاکہ حیدرآباد انسٹیتیوٹ آف ایکسلنس 120ایکڑ کے رقبہ پر تعمیر کیا گیا ہے۔ جس کا بنیادی مقصد شخصیت، کیرئیر اور کردار سازی ہے۔ یہاں چھ سالہ انٹی گریٹیڈ سی بی ایس ای کورس کا اہتمام کیاگیا ہے۔ تعلیمی سال 2014ء میں سی بی ایس ای نصاب کے مطابق چھٹی یا آٹھویں جماعت کے آغاز کی تجویز ہے یہاں ساتویں اور بارہویں جماعت (انٹرمیڈیٹ) تک تعلیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انٹرمیڈیٹ ایم پی سی اور بائی پی سی کے طلبہ کو NEET اور JEE کی کوچنگ کے ساتھ اہتمام کیا گیا جبکہ CEC اور MECکے ساتھ بھی انٹرمیڈیٹ کورس ہے۔ اس سال انٹرمیڈیٹ سال اول کا پہلا بیان امتحان میں شرکت کرے گا۔ اس انسٹیٹوٹ میں بیشتر ایسے ہونہار بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کئے گئے جن کا پس منظر معاشی طورپر پسماندہ ہے۔ یہ کیمپس اقامتی بھی ہے اور غیر اقامتی بھی۔ انگلش پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ انگلش سیکھنے، سننے، بولنے، پڑھنے اور لکھنے میں مہارت دلائی جاتی ہے۔ انسٹی ٹیوٹ میں انٹرنس کوچنگ پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔ اس وسیع و عریض کیمپس میں اکیڈیمک بلاک، ہاسٹل بلاک، اسپورٹس کامپلکس، سوئمنگ پولس، انڈور اور آوٹ ڈور گیمس کی سہولتیں شامل ہیں۔ ٹرسٹی محمد خلیل نے بتایاکہ اس انسٹٹیوٹ کو بابوخان کی فیملی نے 60تا70کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیاہے۔ جس کا مقصد منافع حاصل کرنا نہیں ہے بلکہ نئی نسل کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ان میں قائدانہ صلاحیتوں کو ابھارنا ہے اسی انسٹیٹوٹ میں 50فیصد نشستیں غریب بچوں کیلئے مختص کی گئی ہیں جس کی فیس حیدرآباد چیارٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے ادا کی جائے گی۔ مزید 50فیصد نشستیں فیس ادا کرنے والے بچوں کیلئے مختص ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایس سی میں 90فیصد سے زائد نشانات حاصل کرنے والے بچوں کو ہی انٹرنس ٹسٹ میں شرکت کی اجازت ہوتی ہے۔ جبکہ انسٹیٹوٹ کے ڈائرکٹر کیلئے ایرکموڈریم نسیم اختر انڈین ایرفورس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ٹرسٹی ضیاء الدین نیر نے غیاث الدین بابو خان اور ان کے ارکان خاندان کی تعلیمی اور فلاحی خدمات پر روشنی ڈالی۔

Hyderabad institute of excellence at viqarabad to be inaugurated on sunday

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں