کروناندھی کے فرزند الاگیری ڈی۔ایم۔کے سے معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-25

کروناندھی کے فرزند الاگیری ڈی۔ایم۔کے سے معطل

Karunanidhi-son-Alagiri
ڈی ایم کے صدر پارٹی ایم کروناندھی کے فرزند و سابق مرکزی ویر ایم کے الاگیری کو "پارٹی کے مفاد میں" پارٹی سے "عارضی طورپر معطل" کردیا ہے۔ یہ قدم ایک ایسے وقت اٹھایا گیا ہے جب آئندہ ماہ تریچراپلی میں ڈی ایم کے کی ریاستی کانفرنس منعقدہونے والی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے انبازگن نے کہا ہے کہ الاگیری، پارٹی صفوں میں الجھن پیدا کررہے تھے اور بعض پارٹی رفقاء کی "مخالف پارٹی سرگرمیوں" پران (رفقاء) کے خلاف کی گئی تادیبی کارروائی پر تنقید کررہے تھے۔ پارٹی میں ان کی برقراری مناسب نہیں تھی اور ڈسپلن تباہ ہورہا ہے اس لئے انہیں (الاگیری کو) "عارضی طورپر معطل" کردیا گیا ہے۔ "ارکان کو چاہئے کہ وہ پارٹی کے مفاد میں اس فیصلہ کو قبول کرلیں اور متحد رہیں"۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ الاگیری، صدر پارٹی کے عہدہ پر اپنے بھائی ایم کے اسٹالن کے انتخاب کے مخالف ہیں۔ گذشتہ 7 جنوری کو کروناندھی نے الاگیری اور پارٹی کے دیگر ارکان کو وارننگ دی تھی کہ پارٹی کے سرکاری موقف کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ایسی کارروائی، میں پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطلی بھی شامل ہوسکتی ہے۔ الاگیری نے جو ڈی ایم کے کے ساتھ زون کے آرگنائزنگ سکریٹری ہیں، اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ،لوک سبھا انتخابات میں ڈی ایم کے کے ساتھ اتحاد کی مخالفت کی تھی جبکہ ان کے والد کروناندھی نے اس اتحاد کی وکالت کی تھی۔ کروناندھی نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے الاگیری کے خیالات کو افسوسناک اور لائق مذمت قرار دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ انتخابی اتحادوں کے بارے میں فیصلے، پارٹی عاملہ اور جنرل کونسل یا دیگر متعلقہ شعبے کرتے ہیں۔ حالیہ عرصہ میں ڈی ایم کے نے مدورائی میں الاگیری کے حامیوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔ مدورائی کو الاگیری کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

Alagiri, M Karunanidhi's son, expelled from DMK

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں