ہندوستان بہترین وقت کی طرف گامزن - پرواسی بھارتیہ دیوس - منموہن سنگھ خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-09

ہندوستان بہترین وقت کی طرف گامزن - پرواسی بھارتیہ دیوس - منموہن سنگھ خطاب

وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج غیر مقیم ہندوستانیوں کی ملک کی معیشت کے تعلق سے خدشات کو دور کرتے ہوئے کہاکہ ملک بہترین وقت کی طرف گامزن ہے اور اس کے حال اور مستقبل کے تعلق سے مایوس ہونے کی کوئی وجہہ نہیں ہے۔ انہوں نے آئندہ انتخابات کے نتائج پر کسی قسم کی فکر مندی ظاہر نہ کرتے ہوئے کہاکہ نتائج پھر ایک مرتبہ ہندوستانی جمہوریت اور اس کے اداروں کے استحکام کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں جانتا ہوں کہ آپ میں سے بہت سارے افراد کو ہندوستانی معیشت کے مستقبل اور سماجی چیالنجس، ہمارے سیاسی نظم و نسق اور ہمارے ملک میں حکمرانی کے مسائل کے تعلق سے تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے باہر بعض گوشوں میں یہ نظریہ ہے کہ پچھلے دہے میں ہندوستان کی ترقی میں رکاوٹ آگئی ہے۔ بارہوے پرواسی بھارتیہ دیوس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہاکہ انتخابی موسم میں سیاسی دعوؤں کی وجہہ سے اس طرح کی آواز کا زور ہونا لازمی ہے لیکن انہوں نے کہاکہ میں آپ کو بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ ہمارے حال اور مستقبل کو لے کر مایوس ہونے کی کوئی وجہہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم بہتر زمانہ کی طرف بڑھ رہے ہیں اور آپ لوگوں سے میری درخواست ہے کہ آپ یقین اور امید کے ساتھ اس ملک کے مستقبل کے معاملہ پر مطمئن رہیں۔ ہندوستان کی تقدیر بنانے والے پانچ اہم اسباب کا شمار کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ ہندوستان اندرونی طورپر بہت تیزی سے بدل رہا ہے اور بدلتی دنیا کے ساتھ تال میل کا چیلنج بھی ہمارے سامنے ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک میں غیر معمولی تبدیلی آرہی ہے اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ نوجوانوں نے ملک کی سیاست میں سرگرم دلچسپی لینا شروع کردیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہندوستان کی شرح ترقی 9 سال تک قریب 8.5 فیصد رہی یکن حالیہ مندی کی وجہہ سے یہ 5فیصد تک گرگئی۔ اس کے باوجود ہندوستان کی معاشی بنیاد مضبوط ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہندوستان میں ہر شعبہ میں ترقی ہوئی ہے لیکن جو لوگ وسیع منظر کو نہیں دیکھ پاتے انہیں یہ تبدیلیاں نظر نہیں آرہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی معاشی حالت علاقائی سطح پر زیادہ متناسب ہوگئی ہے اور اس کی ترقی میں سب کی شمولیت ہے۔ غریبی کی سطح گھٹی ہے اور معاشی طور سے کمزور ریاستوں نے تیزی سے ترقی کی ہے۔ کھلی شفاف جوابدہ اور صاف ستھری سرکار کو اپنی ترجیح بتاتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ ملک کے نظام کو پوری طرح تبدیل کردیاگیا ہے لیکن حکومت کو مضبوط کرنا ایک مسلسل عمل ہے اور یہ نہیں کہا جاسکتا ہے جو کچھ ہوا وہ کافی ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان بین الاقوامی سطح پر بڑا رول ادا کرنے اور ذمہ داریاں قبول کرنے کو تیارہے ارو دنیا بھر میں رہ رہے قریب دو کروڑ 20لاکھ ہندوستانی ہمارے سفیروں کی طرح ہیں جو معیشت کی خوشحالی میں بڑا رول ادا کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے غیر مقیم ہندوستانیوں کو ہندوستان کے تئیں اطمینان دلاتے ہوئے کہاکہ آنے والے وقت میں انہیں اس ملک میں ترقی کے ٹھوس ثبوت نظر آئیں گے۔

PM addresses at Pravasi Bhartiya Divas, says not to despair about country's future

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں