سیفئی مہااتسو کی رپورٹنگ کے انداز پر اکھلیش یادو برہم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-11

سیفئی مہااتسو کی رپورٹنگ کے انداز پر اکھلیش یادو برہم

چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے جنہیں اپنے آبائی و ضلع گومتی نگر میں ابھی ابھی ختم شدہ سیفی مہا اتسو پر شدید تنقیدوں کا سامنا ہے، آج میڈیا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ (میڈیا کی مہم) اُن کی حکومت کو بدنام کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ یادو نے آج سہ پہر اپنی سرکاری قیامگاہ پر عجلت میں طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برہمی کے عالم میں کہا کہ "میں میڈیا کے گروپ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ معافی مانگے۔ اس گروپ نے کہا تھا کہ سیفی مہا اتسو میں 300کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں جبکہ اس کے برعکس 14روزہ طویل اس سارے شو پر بمشکل 10 کروڑ روپئے خرچ ہوئے"۔ چیف منسٹر اترپردیش جو غیر معمولی طورپر جارحانہ موڑ میں نظر آرہے تھے کہاکہ ریاستی حکومت نے مہا اتسو بجٹ کیلئے صرف ایک کروڑ روپئے کی اعانت کی جبکہ دیگر وسائل کا انتظام مقامی آرگنائزنگ کمیٹی نے کیا۔ "یہ (سازش)، سماج وادی پارٹی حکومت کے خلاف ایک کھلی سازش ہے اور میڈیا نے اس میں اپنا رول ادا کیاہے"۔ یادو نے یہ کہتے ہوئے کہ میڈیا کا ایک گروپ "معافی مانگے" یہ بھی مطالبہ کیا کہ اُن 300 کروڑ روپئے کی تفصیلات دی جائیں جو بعض میڈیا کے دعویٰ کے مطابق اتسو پر خرچ کئے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یادو بالخصوص، بالی ووڈ کے اُن ستاروں کے سوالات پر بے چین نظر آرہے تھے جنہوں نے سیفی مہا اتسو میں اپنے فن (رقص و موسیقی) کا مظاہرہ کیا تھا۔ یادو نے کہاکہ "میں یہاں آپ کے سوالات کا جواب دینے کیلئے موجود ہں۔ فلم اسٹاروں کو مظفر نگر کے فسادات یا فسادات کے متاثرین کے بارے میں سوالات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے"۔ واقعہ یہ ہے کہ ساری اپوزیشن جماعتیں اور میڈیا، سیفی مہا اتسو پر بے دریغ خرچ پر ایس پی حکومت کو تنقیدوں کا نشانہ بناتے رہے ہیں اور یہ کہتے رہے ہیں کہ یہ مہا اتسو( جشن) ایک ایسے وقت منعقد کیاگیا جب مظفر نگر فسادات کے متاثرین، ریلیف کیمپوں میں مصائب سے دوچار ہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب اکھلیش یادو نے اپنی حکومت کی جانب سے منعقدہ سیفی مہا اتسو کے انعقاد کی مدافعت کی اور کہاکہ اس فیسٹول کا بجٹ لگ بھگ 6تا7کروڑ روپئے تھا لیکن 300کروڑ روپے ہرگزنہیں تھا جیسا کہ بعض میڈیا گروپس نے الزام لگایا ہے۔

Angry Akhilesh Yadav lashes out at media, defends Saifai fest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں