دہلی اسمبلی - کجریوال حکومت نے اعتماد کا ووٹ جیت لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-03

دہلی اسمبلی - کجریوال حکومت نے اعتماد کا ووٹ جیت لیا

دہلی اسمبلی میں آج شام عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی اقلیتی حکومت نے اعتماد کا اہم ووٹ جیت لیا۔کانگریس کے تمام 8 ارکان نے حکومت کی تائید کی۔ 70 رکنی اسمبلی میں اے اے پی کے صرف 28 ارکان ہیں اور اے اے پی کو اعتماد کا ووٹ جیتنے کانگریس کی تائید کی ضرورت تھی۔ کانگریس پارٹی گذشتہ 15 برس سے دہلی پر حکومت کررہی تھی لیکن حالیہ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد اس کو اقتدار سے محروم ہونا پڑا۔ ایوان میں تحریک اعتماد، قائد اے اے پی و وزیر تعلیم منیش سسوڈیا نے پیش کی۔ حکومت کی تائید میں 37 اور مخالفت میں 32 ووٹ آئے۔ بی جے پی کے 31ارکان اور اس کی حلیف اکالی دل کے واحد رکن نے حکومت کے خلاف ووٹ دیا۔ یو این آئی کے بموجب عام آدمی پارٹی نے آج دہلی اسمبلی میں اپنی اکثریت ندائی ووٹ کے ذریعہ ثابت کردی۔ اس سے قبل چیف منسٹر اروند کجریوال نے "سوراج" (خود حکمرانی) لانے کے اپنے ارادہ کا پرزور انداز میں اظہار کیا۔ تحریک اعتماد پر طویل مباحث کا جواب دیتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ "ہم دہلی میں سوراج لانا چاہتے ہیں۔ اس حکومت کی جانب سے کئے جانے والے فلاحی اقدامات کا فیصلہ عام آدمی کریں گے"۔ بعد میں تحریک اعتماد، کانگریسی ارکان اور جنتادل یو کے رکن شعیب اقبال اور آزاد رکن کی تائید سے، ندائی ووٹ کے ذریعہ منظور کرلی گئی۔ تحریک اعتماد پر تقریباً4:30 گھنٹوں تک بحث ہوئی۔ جس کے بعد چیف منسٹر اروند کجریوال نے ارکان سے فیصلہ کرنے کی اپیل کی۔ چیف منسٹر کی 25منٹ طویل تقریر پر بحث ختم ہوئی۔ کجریوال نے یہ واضح کیا کہ پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر ان تمام کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو کرپشن میں ملوث ہوں گے۔ عام آدمی پارٹی سیاست سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے ہی تشکیل دی گئی۔ انہوں نے ایوان کو تیقن دیاکہ کرپشن میں ملوث ان افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی خواہ ان کا تعلق گذشتہ 15 برسوں کے دوران کانگریس حکومت، ایم سی ڈیز یا خود ان کی حکومت سے ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ دو سال پہلے سسٹم کو کرپشن سے پاک کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اس وقت سیاست دانوں نے اس کا مضحکہ اڑایا تھا جس کے بعد انتخابات میں حصہ لینا ایک چیلنج تھا جس کا سامنا کیا گیا اور 4دسمبر کو کرشمہ ہوا۔ عام آدمی پارٹی کو انتخابات میں کامیابی حاصل ہوئی۔ اب مجھے خدا پر پورا بھروسہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سچائی کو کبھی شکست نہیں ہوسکتی۔

AAP govt wins trust vote in Delhi Assembly; CM Kejriwal says it's a victory for truth and honesty

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں