خواتین کمیشن کی صدر برکھا سنگھ کا حکومت دہلی پر ہراسانی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-30

خواتین کمیشن کی صدر برکھا سنگھ کا حکومت دہلی پر ہراسانی کا الزام

Barkha Singh, DCW chief
دہلی کمیشن برائے خواتین کی چیر پرسن برکھا سنگھ نے آج عام آدمی پارٹی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ وزیر قانون سومناتھ بھارتی کو جنوبی دہلی میں نصف شب کو کئے گئے دھاوے کے سلسلہ میں طلب کرنے پر انہیں ہراساں کررہی ہے اور اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا۔ سابق کانگریس رکن اسمبلی برکھا سنگھ کی گذشتہ ہفتہ سومناتھ بھارتی کے وکلاء کے ساتھ اس وقت برسر عام بحث و تکرار ہوگئی تھی جب وہ کئی یوگانڈائی خواتین کو مبینہ ہراسانی کے معاملہ میں دہلی کمیشن برائے خواتین میں بیان دینے آئے تھے۔ برکھا سنگھ نے جو آر کے پورم سے اسمبلی انتخابات میں ناکام ہوچکی ہیں، کہا کہ وہ ایک دستوری عہدہ پر فائز ہیں اور کانگریس حکومت کو جس نے ان کا تقرر کیا تھا، شکست ہونے کے باوجود انہیں اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے کی ضرورت نہیں۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ارویندر سنگھ لولی نے تمام پارٹی کارکنوں سے مختلف سرکاری بورڈس اور کمیشنوں سے مستعفی ہوجانے کیلئے کہا تھا۔ برکھا سنگھ نے کہاکہ یہ ایک دستوری عہدہ ہے اور ابھی میری معیاد کے ایک سال 4مہینے باقی ہیں۔ عام آدمی پارٹی حکومت مجھے ہراساں کررہی ہے اور مجھے نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ میں نے کھڑکی ایکسٹینش علاقہ میں نصف شب کو کئے گئے دھاوے کے دوران یوگانڈائی خواتین کو ہراسانی کے سلسلہ میں سومناتھ بھارتی کو طلب کیا تھا۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر سے یہ دریافت کرنے پر کہ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مختلف بورڈس اور کمیشنوں میں اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجانے کی ہدایت دی تھی، انہوں نے کہاکہ یہ ہدایت واپس لے لی گئی ہے۔ متعدد عام آدمی پارٹی قائدین نے کہا کہ روایات کو ملحوظ رکھتے ہوئے برکھا سنگھ کو چاہئے تھا کہ وہ اپنی پارٹی کے اقتدار سے ہٹتے ہی وہ اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیتیں۔ اسی دوران موصولہ علیحدہ اطلاع کے مطابق حکومت دہلی نے دہلی خواتین کمیشن کی نئی سربراہ کی حیثیت سے ممتاز ہندی ناول نگار مائتری پشپا کا نام لفٹنٹ گورنر نجیب جنگ کو پیش کیا ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے آج بتایا کہ ایک غیر سیاسی اور ممتاز شخصیت کو دہلی خواتین کمیشن کا چیرپرسن بنانے کے وعدے کے مطابق حکومت نے مائتری پشپا کا نام لفٹنٹ گورنر کو پیش کیا ہے۔

AAP govt harassing me for summoning Bharti: DCW chief Barkha Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں