آندھرا پردیش - ویڈیو کانفرنس نظام کی منڈل سطح تک توسیع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-10

آندھرا پردیش - ویڈیو کانفرنس نظام کی منڈل سطح تک توسیع

چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج یہاں منڈل سطح پر ایک ورلڈ کلاس ویڈیو کانفرنسنگ کا افتتاح انجام دیا۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر می سیوا کی 225 خدمات کے تحت 3کروڑ امور کی انجام دہی کے نشانہ کو قبول کرنے پر منعقدہ ایک پروگرام میں بھی شرکت کی۔ ویڈیو کانفرنس کے سسٹم کے آغاز سے آندھراپردیش ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے، جہاں منڈل سطح پر ہائی ڈیفنیشن ویڈیو کانفرنس سہولت دستیاب ہے۔ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے کہاکہ یہ ہندوستان کی سب سے بڑی ویڈیو کانفرنس سہولت ہے، جو وقت ضائع کئے بغیر مختلف سطحوں پر ایک ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کرنے کیلئے ممد و معاون ثابت ہوگی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ کیا جاسکتا ہے کہ ویڈیو کانفرنس سسٹم کے معاملہ میں آندھراپردیش اس سے پہلے ہی پہلی ریاست بن چکی ہے جبکہ ملک میں سب سے پہلے اسی ریاست میں سال 2000ء کے دوران ضلع سطح پر ویڈیو کانفرنس نظام متعارف کرایا گیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ویڈیو کانفرنسنگ سہولت اضلاع کے علاوہ 1,126 منڈل دفاتر کو جن میں آرڈی او دفاتر بھی شامل ہیں، ریاستی دارالحکومت سے جوڑ دے گی۔ یہ سہولت ریاست کے تمام پراجکٹ ڈائرکٹرس اور تمام آئی ٹی ڈی اے کے علاوہ چیف پلاننگ آفیسرس کو بھی آپس میں جوڑ کر رکھے گی۔ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ یہ سہولت حکومت کی کارکردگی میں شفافیت پیدا کرنے کا موجب بنے گی۔ یہ سہولت، انتظامیہ کو عوام کی دہلیز تک لے جائے گی۔ ویڈیو کانفرنس کی منڈل سطح تک رسائی سے ریاستی حکومت، ضلع انتظامیہ اور آفات سماوی سے متاثرہ عوام آپس میں جڑ جائیں گے۔ اس طرح ہم سیلاب یا طوفان کی تباہی کے بعد راحت کاری اقدامات کے پہلے سے بہتر تیاری کرسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس سہولت کے ذریعہ فلاحی اسکیموں پر عمل آوری اور گورننگس پراجکٹ پر مسلسل نظر رکھی جاسکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انڈیا ٹو ڈے نے حال ہی میں حکمرانی کے معاملے میں آندھراپردیش کو سب سے بہترین ریاست قرار دیا ہے۔ یہ ای گورننگس اقدامات کے باعث ممکن ہوسکا ہے۔ جن میں می سیوا اور ویڈیو کانفرنسنگ سہولتیں قابل ذکر ہیں۔ کرن کمار ریڈی نے کہاکہ منڈل سطح تک ویڈیو کانفرنس سہولت پہنچادینے کے بعد حکومت مختلف فلاحی پروگراموں کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لینے کے قابل ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ دیگر اقدامات اور ان پر عمل آوری کو بھی نظر میں رکھا جاسکے گا۔ بعدازاں این کرن کمار ریڈی نے ضلع چتور کے کالی کری منڈل ریونیو آفیسر سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ بات چیت کی۔ انہوں نے آج عوام سے موصولہ مختلف درخواستوں کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے ان درخواستوں کی یکسوئی سے متعلق بھی ایم آر او سے دریافت کیا۔ کرن کمار ریڈی نے جنگاؤں کے آر ڈی او سے بھی بات چیت کی اور آج عوام سے موصولہ درخواستوں کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے تمام درخواستوں کی فوری یکسوئی عمل میں لانے کی بھی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 4 نومبر 2011 کو ضلع چتور میں می سیوا پروگرام کا آغاز عمل میں لایا گیا تھا۔ یہ ایک آن لائن سہولت ہے جو شہریوں کو درمیانی آدمی کی زحمت سے بچانے کیلئے شروع کی گئی ہے۔ مختلف سرکاری دفاتر میں دستاویزات کے حصول اور خدمات کیلئے می سیوا مرکز کی تعداد بڑھانے کے مطالبہ کے پیش نظر ان کی تعداد 2013ء میں 7ہزار تک پہنچادی گئی ، جبکہ 2011 میں صرف 400 مراکز کام کررہے تھے۔ ان مراکز کے قیام سے 12ہزار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوا۔

AP takes video conferencing system to mandal level

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں