مرکزی کابینہ میں 10 اضلاع پر مشتمل تلنگانہ بل کو آخرکار منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-06

مرکزی کابینہ میں 10 اضلاع پر مشتمل تلنگانہ بل کو آخرکار منظوری

مرکزی کابینہ نے رائلسیما کے دو اضلاع اننت پور اور کرنول کو تلنگانہ میں شامل کرنے کی تجویز سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے 10 اضلاع پر مشتمل علیحدہ تلنگانہ کو آخر کار منظوری دے دی ہے۔ کئی سیاسی جماعتوں نے رائل تلنگانہ کی تجوے کی مخالفت کی ہے۔ وزیراعظم منموہن سنگھ کی صدارت میں آج ایک کابینی اجلاس منعقد ہوا جس میں 29 ویں ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے متعلق بل کے مسودہ کو منظوری دی گئی۔ وزارتی گروپ کی رپورٹ اور مسودہ بل پر آج کابینہ میں تفصیلی غور وخوص کیا گیا۔ کانگریس کور کمیٹی نے گذشتہ ماہ وزارتی گروپ کے تیار کردہ تلنگانہ بل کو منظوری دی تھی۔ کابینی اجلاس کی روداد پیش کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے کہاکہ 10 سال کیلئے حیدرآباد کو مشترکہ دارالحکومت بنایا جائے گا۔ یہ شہر 10 سال سے زیادہ عرصہ تک مشترکہ دارالحکومت نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں تلنگانہ بل پیش کرنے کی خواہاں ہے۔ شنڈے نے اس بات کی تصدیق کی کہ دسترو کی دفعہ371D کے تحت دونوں ریاستوں آندھراپردیش اور تلنگانہ کو مساوی موقع فراہم کرنے کیلئے خصوصی موقف دیا جائے گا۔ تلنگانہ سے متعلق وزارتی گروپ کی سفارشات پر آج دارالحکومت میں دن بھر زبردست سیاسی سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کے بشمول مختلف لیڈروں اور سیاسی جماعتوں کی شدید مخالفت کے باوجود تلنگانہ کو آج مرکزی کابینہ کی جانب سے منظوری دیدی گئی۔ کرن کمار ریڈی اور ریاست کے کئی ارکان پارلیمنٹ نے نئی ریاست کی تشکیل پر عہدوں سے استعفیٰ دینے کا انتباہ دیا تھا۔ 3 گھنٹے تک کابینی اجلاس کے بعد سشیل کمار شنڈے نے بتایاکہ مرکزی کابینہ تلنگانہ بل پر اپنی سفارشات صدرجمہوریہ کا کل پیش کرے گی تاکہ ان کی منظوری حاصل کی جاسکے۔ کابینی اجلاس میں تلنگانہ اور سیما آندھرا کے ارکان نے شرکت کی۔ قبل ازیں کانگریس کور کمیٹی کا آج صبح ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں 10 اضلاع پر مشتمل تلنگانہ تجویز کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کی قراداد کو منظوری دی گئی۔ شنڈے نے مزید بتایا کہ صدرجمہوریہ کی منظوری کے بعد تلنگانہ بل آندھراپردیش اسمبلی کو روانہ کیا جائے گا۔ سرمائی اجلاس میں بل کب پیش کیا جائے گا اس بات کا انحصار صدرجمہوریہ کی منظوری پر ہے۔ جیسے ہی وہ بل کو منظوری دیں گے فوری پارلیمنٹ سے بل رجوع کیا جائے گا۔ اس طرح سے تلنگانہ ملک کی 29 ویں ریاست ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی رائل تلنگانہ کی تجویز مسترد کردی گئی۔ حیدرآباد ک مرکز کا زیر انتظام علاقہ بنانے کی تجویز کو بھی مسترد کردیا گیا ہے۔ آندھراپردیش کی اسمبلی میں بل کی منظوری کے بعد اس مسئلہ کو پھر ایک مرتبہ کابینہ سے رجوع کیا جائے گا اور پھر پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ تلنگانہ بل کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے سشیل کمار شنڈے نے کہاکہ تلنگانہ کے گورنر کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ حیدرآباد میں رہائش پذیر عوام کی جان و مال کی حفاظت کریں۔ آندھراپردیش کے دارالحکومت کی نشاندہی کیلئے اندرون 45یوم ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

Finally, Cabinet approves Telangana with 10 districts

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں