انٹرنیٹ کے استعمال سے ہندوستانی عوام کی زندگیوں میں بہتری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-06

انٹرنیٹ کے استعمال سے ہندوستانی عوام کی زندگیوں میں بہتری

اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ ملک میں ٹیلی مواصلات کو ارتباط کی توسیع سے عوام کی زندگی بہت حد تک بہتر ہوئی ہے آج وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہاکہ ٹیلی مواصلات کے وسیع انقلابی امکان کا ایک بڑا حصہ اب بھی بروئے کار نہیں لایا جاسکا ہے۔ انڈیا ٹیلی کام 2013ء کا اافتتاح کرنے کی اپنی تقریب میں وزیراعظم نے ملک میں انٹرنیٹ کا استعمال کم کئے جانے پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں ٹیلی کام کا زمرہ اس کی مثال ہے کہ مقابلہ اور سرمایہ کی آزادانہ ترسیل سے معیشت کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ ان تمام برسوں کے دوران اس نے ہماری معاشی نمو میں خاطر خواہ ہاتھ بٹایا ہے اور روزگار کے گرانقدر امکانات پیدا کئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہمارے شہری علاقوں میں اور اس کے بعد دیہی علاقوں کو بھی انٹرنیٹ سے جوڑنے کیلئے ٹیلی کام انسلاک کیلئے توسیع سے ہمارے عوام کی زندگیوں میں بڑے پیمانے پر بہتری آئی ہے۔ گوکہ ٹیلی مواصلات کے وسیع انقلابی امکانات اب بھی بروئے کار نہیں لائی جاسکی ہے۔ ملک کے دیہی علاقوں میں ٹیلی فون اور انٹرنٹ کا پھیلاؤ خاطر خواہ نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم منموہن سنگھ نے یہ مشورہ دیا کہ ٹیلی مواصلات کے شعبہ میں شہروں اور دیہی علاقوں کے درمیان فرق کو کم کرنے کیلئے تدابیریں کی جانی چاہئیں۔ سنگھ نے کہاکہ دیہی علاقوں میں ٹیلی فون کنکشن اور انٹرنٹ تک رسائی 40فیصد سے کچھ زیادہ ہے۔ ہماری دیہی معیشت میں اب بھی ایسے کروڑوں لوگ ہیں جن کی زندگیاں ٹیلی مواصلات کے انقلاب سے روشن نہیں ہوئی ہے۔ یہ ایک ایسا چیلنج ہے جس پر ہم تمام لوگوں کو فکر مند ہونا چاہئے اور ہمارے اندر اس کا عزم ہونا چاہئے کہ ہم موثر ڈھنگ سے اس کا مقابلہ کریں گے۔ انٹرنٹ انسلاک کا معاملہ ہوتو یہ کمی اور زیادہ نمایاں ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر فی کس بنیاد پر دیکھاجائے تو ہندوستان میں انٹرنٹ کا استمعال بہت کم ہے۔ بڑے شہروں کے باہر انٹرنٹ خدمات کی دستیابی اور اعتبار دونوں اس کا تقاضہ کرتے ہیں کہ بہت کچھ کیا جاناچاہئے۔ وزیراعظم نے مزید کہاکہ یہ تمام چیزیں اس طرف اشارہ کرتی ہیں کہ ٹیلی مواصلات کے شعبہ میں شہروں اور دیہات کے درمیان خلیج کو پاٹنے کی تدبیریں کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ یہ تقسیم ایسی نہیں جس سے معاشرہ میں مزید عدم مساوات کا ذریعہ بننے دینا چاہئے۔ اس کے برعکس یہ لازم ہے کہ ہمارے ملک میں اس وقت موجود سماجی و اقتصادی مساوات کم کرنے کیلئے ٹیلی مواصلات کے زبردست امکانات کو کام میں لائیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جس میں وزیر ٹیلی مواصلات کپل سبل بھی موجود تھے، وزیراعظم نے اس پر بھی زوردیا کہ ملک کے اندر ایسے کارخانے کھولنے پر زوردیا جائے جن میں الکٹرانکس اور ٹیلی مواصلات کے آلات بنائے جائیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ یمں اس موقع پر گذشتہ سال اپنی کہی ہوئی ایک بات کو دہرانا چاہوں گا جو یہ ہے کہ ہندوستان کیلئے لازمی ہے کہ وہ الکٹرانکس اور ٹیلی مواصالات میں اپنے گھریلو مضبوط مینو فیکچرنگ بنیاد تیار کرے۔ ایک اندازہ ہے کہ 2020ء تک ہندوستان 300 بلین ڈالر کا الکٹرانک سامان درآمد کرے گا جو کہ پٹرولیم مصنوعات کی ہماری درآمدات کی قدر سے بھی زیادہ ہیں۔ منموہن سنگھ نے کہاکہ ہمیں ایسی صورتحال سے بچنے کے اقدامات کرنے پڑیں گے جن میں ہم ان بھاری درآمدات پر آنے والے خرچ کا سامنا کرنے کی دشواری میں مبتلا ہوں۔ ہندوستان میں ایسی مینوفیکچرنگ سہولتیں ہونی چاہئے جن کی وجہہ سے الکٹرانک مصنوعات کی متبادل تجارت ہو اور ہندوستان بھی پوری دنیا میں الکٹرانک آلات سپلائی کرنے والوں میں شامل ہو۔ انہوں نے کہاکہ مجھے اس بات کی مسرت ہے کہ محکمہ اطلاعاتی ٹکنالوجی ایک ایسا ماحولیاتی نظام بنانے کیلئے سرگرم ہے جو کہ ہمارے ملک میں الکٹرانکس مینو فیکچرنگ سرگرمیوں کی نمو کیلئے سازگار ہو۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں