اوقافی املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-11

اوقافی املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا

حیدرآباد۔(ایس این بی) چیئرمین ریاستی اقلیتی کمیشن عابد رسول خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پٹن چیرو کے پاس گذشتہ دنوں پیش آئے واقعہ میں مسلم نوجوان کے قتل پر کمیشن نے ایس پی میدک کو ازسر نو تحقیقات کی ہدایت دی تھی جس پر ایس پی نے تحقیقات کے بعد رپورٹ کمیشن کو روانہ کی۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتی کاروباری ادارے میٹرو ریل پروجیکٹ سے پریشان ہیں۔ نامپلی کے دکانداروں نے سڑک کی توسیع کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اقلیتی کمیشن سے رجوع ہوکر نمائندگی کی تھی، جس پر اقلیتی کمیشن نے اعلیٰ عہدیداروں کو نوٹس جاری کی تھی جس پر حکام نے کمیشن کو تیقن دیا کہ سڑکوں کی توسیع کیلئے دونوں جانب سے مساوی توسیع کی جائے گی۔ مسٹر عابد رسول خان نے کہاکہ اوقافی املاک کے تحفظ میں اقلیتی کمیشن کسی قسم کا تساہل نہ برتتے ہوئے اس کے تحفظ کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ درگاہ حضرت اجالے شاہؒ سعید آباد، درگاہ حضرت محمد عبدالوہابؒ ٹولی چوکی مسجد کاروان اور مسلم میٹرنٹی دواخانہ کے علاوہ کئی درگاہوں کی املاک کے تعلق سے وقف بورڈ سی ای او اور اضلاع کے کلکٹرس کونوٹس جاری کی ہے۔ 21؍دسمبر تک تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نبی خانہ پتھر گٹی کی ملگیات سے متعلق شعبہ ویجلنس تحقیقات کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے بے قصور نوجوان جو جیلوں میں محروس ہیں، ان کی مکمل تفصیلات جیل کے اعلیٰ حکام سے طلب کی گئی ہیں۔ ان نوجوانوں کی قانونی مدد کی جائے گی۔ ریاستی اقلیتی کمیشن نے چار رکنی کمیشن بھی تشکیل دیا ہے، جو بے قصور نوجوانوں کے مقدمات کا مکمل جائزہ لے گی۔ اس چار رکنی کمیشن میں جسٹس ای اسمعیل، عبدالقدیر سابق ڈی آئی جی، محمد عثمان شہید ایڈوکیٹ اور میجر ایس جی ایم قادری شامل ہیں۔ اقلیتی کمیشن نے 18؍ دسمبر کو "یوم اقلیتی حقوق" منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دن صبح 11بجے سے شام 5 بجے تک جوبلی ہال باغ عامہ میں ایک سمینار منعقد کیا جائے گا۔ اس سمینار میں ریاستی اور بیرونی مہمانوں کے علاوہ چیف جسٹس آندھراپردیش ہائی کورٹ کلیان جیوتی سین گپتا، ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس بی پرساد راؤ، صدرنشین ریاستی انسانی حقوق کمیشن کے علاوہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرس اور ممتاز سماجی قائدین شرکت کریں گے۔ چےئرمین نے بتایاکہ 6؍دسمبر کو مکہ مسجد کے قریب پیش آئے واقعات سے متعلق مختلف اخبارات میں شائع اطلاعات کی روشنی میں کمیشن نے نوٹ لیتے ہوئے سٹی پولیس کمشنر سے خاطی افراد کے خلاف کارروائی سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے اور ہدایت دی گئی ہے کہ تفصیلی رپورٹ 21؍دسمبر تک اقلیتی کمیشن کو روانہ کرے، تاکہ رپورٹ کی وصولی کے بعد تحقیقات پر ضروری اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتی کمیشن لیبیا میں پروفیسر نجم الدین کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کرنے اور نعش کو حیدرآباد منتقل کرنے کے انتظامات کیلئے وزارت خارجہ ہند اور ہندوستانی سفیر متعینہ لیبیا سے مؤثر نمائندگی کی جس پر دونوں جانب سے مثبت ردعمل برآمد ہوا۔ ریاستی حکومت متقول کے خاندان کو 5لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی اقلیتی کمیشن کی جانب سے اقلیتوں کو انصاف دلوانے کیلئے کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتتے ہوئے مکمل انصاف دلوایا جائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں