تلنگانہ بل میں ترمیم کرنے کے۔سی۔آر کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-11

تلنگانہ بل میں ترمیم کرنے کے۔سی۔آر کا مطالبہ

حیدرآباد۔(آئی اے این ایس) تلنگانہ راشٹرا سمیتی( ٹی آرایس) کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو مکتوب ارسال کرتے ہوئے تلنگانہ بل میں ترمیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسودہ بل میں شہر حیدرآباد میں نظم و ضبط (لا اینڈ آرڈر) کے مجوزہ اختیارات گورنر کو دئیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے چندر شیکھر راؤ نے کہاکہ غیر آئینی گنجائش کو ختم کرنے اور دیگر دفعات میں ترمیم کی ضررت ہے جو تلنگانہ عوام کیلئے قابل قبول نہیں ہے۔ وزیراعظم کو ارسال کردہ اپنے 14صفحات پر مشتمل مکتوب میں ٹی آرایس سربراہ برقی اور دریاؤں کے پانی کی تقسیم، سرکاری ملازمین کے الاٹمنٹ، وظائف کی ادائیگی اور ہائیکورٹ کے قیام سے متعلق دفعات میں بھی ترامیم پر زور دیا۔ چندر شیکھر راؤ جو کے سی آر کے نام سے مشہور ہیں نے آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ قانونی ماہرین اور آئی اے ایس عہدیداروں سے مشاورت کے بعد ہی تجاویز پر مبنی مکتوب روانہ کئے ہیں۔ رکن لوک سبھا راؤ نے کہاکہ دونوں ریاستوں کیلئے قرض کی تقسیم کیلئے جو طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، اس میں آبادی کے تناسب کو مدنظرنہیں رکھا گیا، اسی لئے اس پراجکٹ پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی بینک اور دیگر ایجنسیوں سے مخصوص اسکیمات اور پراجکٹس کیلئے حاصل کیا گیا قرض وہی ریاست ادا کرے جہاں یہ پراجکٹ اور اسکیمات روبہ عمل لائی گئی ہیں، جہاں قرض کی رقم سیکام انجام دئیے گئے ہیں اصولاً وہی ریاست کو قرض ادا کرنا چاہئے۔ کے سی آر نے سیما آندھرا کے ملازمین پر زوردیا کہ وہ اپنے علاقوں پر توجہ دیں۔ انہوں نے واضح کردیا کہ تلنگانہ حکومت دیگر علاقوں کے موظف ملاں مین کے وظائف ادا نہیں کرے گی۔ راؤ نے کہاکہ ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح تلنگانہ کی تشکیل ایک جداگانہ عمل ہے۔ تلنگانہ میں 1919 سے ملکی قوانین کی رو سے مقامی افراد کے مفادات (روزگار) کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 1956ء میں حکومت نے احکام جاری کرتے ہوئے آندھرا کے 24ہزار ملازمین کو ان کے مقامات روانہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس طرح کے احکام 1985ء میں بھی جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت پڑنے پر وہ ایک وفد کے ذریعہ دہلی جائیں گے اور وزیراعظم سے نمائندگی کریں گے۔ کے سی آر نے کہاکہ اسمبلی میں تلنگانہ بل پرمباحث کے دوران ان کی پارٹی اپنا موقف ظاہر کرے گی۔ وہ لوک سبھا میں اس بل میں ترامیم پر زور دیں گے اور اپنے مطالبات منوانے کے لئے آخری وقت تک جدوجہد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ مسودہ بل کو گذشتہ ہفتہ مرکزی کابینہ میں منظوری دی گئی، اب یہ بل صدرجمہوریہ کے پاس ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اندرون 2تا3 یوم یہ بل ریاستی اسمبلی کو روانہ کیا جائے گا۔ کانگریس میں ٹی آرایس کے انضمام سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کے سی آر نے کہاکہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد اس بارے میں کچھ کہا جائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں