پرانے شہر کی خبریں - old city news 30 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-30

پرانے شہر کی خبریں - old city news 30 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-30

اعتماد نیوز
کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے پولیس ٹریننگ کیمپ میں تربیت حاصل کرنے والے پرانے شہر کے 70 نوجوان سرکاری ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ پولیس کانسٹبل کے عہدہ کیلئے ان نوجوانوں نے فزیکل اور ریٹرن ٹسٹ دیا تھا جس میں کامیابی کے بعد نوجانوں کے سرٹیفکٹس ویریفکیشن کا عمل مکمل ہوگیا ہے اب ان کا میڈیکل ٹسٹ جاری ہے جس کے بعد محکمہ میں ان کا تقرر کیا جائے گا اور باضابطہ یہ نوجوان پولیس کانسٹبل کی حیثیت سے اپنی تربیت شروع کریں گے۔ یہ تمام نوجوان حیدرآباد کمشنریٹ حدود میں اپنی خدمات انجام دیں گے۔ 70 نوجوانوں میں تقریباً 7لڑکیاں شامل ہیں۔ مجلس کی جانب سے پولیس میں بھرتی کے سلسلہ میں پرانا شہر کے تقریباً 200 نوجوانوں کو فزیکل اور ریٹرن ٹسٹ کی تربیت فراہم کی گئی تھی جس کے یہ حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ پرانے شہر کے نوجوانوں کو محکمہ پولیس میں بھرتی کروانے کے سلسلہ میں نقیب ملت بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی، صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین، جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی نے خصوصی دلچسپی لی۔ مجلس نے بلا لحاظ مذہب و ملت پرانے شہرکے نوجوانوں کو یہ تربیت فراہم کجی جس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ 70 میں سے 36 نوجوان غیر مسلم ہیں جن کا تعلق لال دروازہ، شاہ عنایت گنج، پرانا پل اور دوسرے علاقوں سے ہے۔ غیر مسلم نوجوانوں میں دلت نوجوان بہت زیادہ ہیں۔ سرکاری ملازمت حاصل کرنے والے کئی نوجوان گریجویٹ ہیں ان میں سے 3 نوجوان انجینئرنگ کے گریجویٹس ہیں جو اپنی کامیابی پر بے حد خوش ہیں۔ نوجوانوں کا یہ ماننا ہے کہ محکمہ پولیس میں خدمات سے وہ قوم وملک کی خدمت کرسکیں گے، ساتھ ہی محکمہ پولیس میں ملازمت سے انہیں تنخواہ بھی خاطر خواہ حاصل ہوگی۔ مخدوم شریف نامی ایک جونیر انجینئر نے بتایاکہ انجینئرنگ کرنے کے باوجود ان کی تنخواہ ماہانہ 14ہزار روپئے ہے وہ کانسٹبل بنتے ہیں تو انہیں 20ہزار روپے سے زائد تنخواہ ملے گی۔ مجلس ٹریننگ کیمپ کے انچارج منظور علی خان ناغڑ نے بتایاکہ نوجوانوں کو جسمانی تربیت یعنی فزیکل ٹریننگ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں دی گئی جبکہ تحریر امتحان کیلئے ان کی ٹریننگ کا انتظام اردو ہال موتی گلی میں کیا گیا تھا۔ جسمانی تربیت کیلئے جوڈو کے بین الاقوامی شہرت یافتہ کوچ ایم اے عزیز، محکمہ پولیس سے وابستہ ٹرینر سردار گرمیت سنگھ، نیشنل فٹ بالر خواجہ فرید الدین کی خدمات حاصل کی ئی۔ اسی طرح تحریری امتحان کیلئے جناب عبدالحفیظ، امتیاز الدین فاروقی، ایم اے ستار اور کنیز فاطمہ نے اپنا گرانقدر تعاون فراہم کیا۔ جناب منظور علی خان نے بتایاکہ اراکین اسمبلی سید احمد پاشاہ قادری، احمد بلعلہ اور سرگرم مجلسی کارکن مصطفی علی مظفر نے بھی اس سلسلہ میں خصوصی دلچسپی لی ہے۔ مجلس کی جانب سے تحریری امتحان کا جو میٹریل اور نصاب ہے اس کو ایک کتابی شکل دی گئی، اس سے نوجوانوں کو بڑی سہولت ملی۔ سالار ملتؒ سے موسوم ریٹرن ٹسٹ سے متعلق گائیڈ کی حیدرآباد اور سکندرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی تقسیم کی گئی۔ انہوں نے بتایاکہ پرانا شہر سے پہلی مرتبہ تین مسلم لڑکیاں بھی کانسٹبل کی ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں، کئی مسلم نوجوانوں کا تعلق غریب خاندانوں سے ہے۔ جناب منظور علی خان نے بتایاکہ بیرسٹر اسد الدین اویسی کی نگرانی میں نوجوانوں کی تربیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سٹی پولیس میں کئی جائیدادیں مخلوعہ ہیں جن کی بھرتی کیلئے عنقریب اعلامیہ کی اجرائی کا امکان ہے۔ پرانا شہر کے نوجوانوں میں حوصلہ افزائی اور ان کی تربیت کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بلا لحاظ مذہب و ملت نوجوانوں کو تربیت دیتے ہوئے انہیں یہ پیام دیا جارہا ہے کہ محکمہ پولیس میں خدمات کا اگر موقع ملتا ہے تووہ ایمانداری، دیانتداری، فرض شناسی اور غیر جانبداری سے اپنی خدمات انجام دیں۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں