پرانے شہر کی خبریں - old city news 16 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-16

پرانے شہر کی خبریں - old city news 16 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-16

sudhakar-car-museum
سیاست نیوز
تعلیم اور ہنر کے ذریعہ لوگ آسمان کی بلندی کو بھی چھوسکتے ہیں۔ اگر عزائم مضبوط ہو اور دنیا کو کچھ کر دکھانے کی تمنا ہوتو انسان سب کچھ کرسکتا ہے جو ناممکن کام سمجھا جاتا ہے۔
شہر حیدرآباد میں ایک ایسے شخص ہیں جن کا نام Guinness Book of World Records میں درج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کا نام Limca Book of Recodrs میں شامل ہے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ Ripley's Beleive it Or Not نے ان کے کارنامے اپنے ریکارڈ میں جمع کرلئیے ہیں۔
جی ہاں وہ مشہور شخص کا نام "کے سدھاکر" ہیں۔ انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی تین پہیوں کی سائیکل بنائی ہے۔ اس کی اونچائی 41 فیٹ 7 انچ ہے اور اس کا وزن 3 ٹن کا ہے۔ اس سائیکل کا وہیل ڈائیا میٹر 17فٹ کا ہے۔ اس کی چوڑائی 37 فٹ 4انچ ہے۔ اس ٹرائی سائیکل میں Pedals, Chain, Sprockets اور Gears بھی موجود ہیں۔ اس ٹرائی سائیکل کو بنانے کیلئے تین سال درکار ہوئے ہیں۔
آپ یہ جان کر حیران ہوجائیں گے کہ سدھاکر نے 500 سے بھی زیادہ ماڈل کے ایجادات کئے ہیں۔ جس میں سائیکلس، کاریں،موٹر سائیکلس، بسیں وغیرہ شامل ہیں۔ اور تعجب کی بات یہ ہے کہ ان چیزوں کو بنانے کیلئے سدھاکر نے پرانا سامان استعمال کیا ہے جو کہ لوگ بے کار سمجھ کر ضائع کردیتے ہیں۔ سدھاکر نے اپنی تیار کردہ گاڑیوں کی نمائش کرنے کیلئے حیدرآباد کے بہادر پورہ علاقے میں ایک Musuem قائم کردیا ہے اور اس میں تمام تیار کردہ گاڑیاں لوگوں کے مشاہدہ کیلئے رکھی گئی ہیں۔ اس میوزیم کو دیکھنے کیلئے نہ صرف شہر کے لوگ آتے ہیں بلکہ ریاست کے کئی اضلاع سے لوگ یہاں پر مشاہدے کیلئے آتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ ملک کی کئی ریاستوں سمیت کئی شہروں کے لوگ یہاں پر پہنچ رہے ہیں۔
یہ میوزیم نہ صرف ہندوستان میں شہرت رکھتا ہے بلکہ دنیا کے کئی ملکوں میں جانا جاتا ہے۔ یہاں پر بیرونی سیاح بھی بڑی تعداد میں آتے رہتے ہیں۔ اس میوزیم کو دیکھنے کیلئے اسکولی طلباء کی کافی تعداد روزانہ آتی رہتی ہے۔ یہ میوزیم آٹو موبائیل انجینئرس کیلئے کافی مفید ثابت ہورہا ہے۔
آندھراپردیش کے علاوہ مہاراشٹرا، کرناٹک اور دیگر ریاستوں کے اسکولی طلباء بڑی تعداد میں اس میوزیم سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔ یہ اسکولی طلباء اپنے تعلیمی فیلڈ ٹرپ کیلئے یہاں آتے ہیں۔ اس میوزیم کے اوقات صبح9:30 تاشام 6:30 ہیں اور اتوار کو بھی میوزیم کھلا رہتا ہے۔ اس میوزیم میں داخلہ کیلئے 40روپئے کا ٹکٹ مقرر ہے۔ اس کا مشاہدہ کرنے کیلئے 2تا3 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔ کیونکہ یہ میوزیم 2.1/2 ایکڑ پر موجود ہے۔

پرانے شہر کے اسکولی طلباء کیلئے سدھاکر کار میوزیم کی جانب سے رعایتی فیس پر داخلہ دیا جارہا ہے تاکہ غریب طلباء کو فائدہ ہوسکے۔ دس سال سے کم عمر کے طلباء سے 10 روپئے اور دس سال سے زیادہ عمر والے طلباء سے صرف 20 روپئے داخلہ فیس لی جائے گی۔ میوزیم کے صدر نے پرانے شہر کے اسکول انتظامیہ سے خواہش کی کہ اس موقع سے فائدہ حاصل کرتے ہوئے پرانے شہر کے طلباء کو کچھ سیکھنے کا موقع فراہم کریں۔ داخلہ فیس میں رعایت صرف پرانے شہر کے اسکولی طلباء کو ہی رہے گی جبکہ نئے شہر کے اسکولی طلبہ کیلئے داخلہ فیس میں رعایت نہیں رہے گی۔ یہ میوزیم دنیا کا پہلا میوزیم ہے جہاں پر بڑی تعداد میں Wacky Cars موجود ہیں۔ اس کارس میں برنجال کار، کیمرہ کار،کرکٹ بال کار، گولف بال کار، باسکٹ بال کار، فٹبال کار، اسنوکر ٹیبل کار، ہیلمٹ کار، کمپیوٹر کار اور دیگر ماڈلس موجود ہیں۔
آپ کے مشاہدے کیلئے تصویریں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پنسل کار، شارپنر کار، Eraser کار وغیرہ بھی شامل ہے۔ ان تصویروں کے ذریعہ آپ خود اندازہ لگاسکتے ہیں کہ کتنی محنت سے یہ کاریں تیار کی گئی ہیں۔ 2014ء کے نئے سال کی آمد کے موقع پر سدھاکر ایک New Year کیک کار تیار کررہے ہیں جو 31دسمبر 2013ء کی رات منظر عام پر لائی جائے گی۔ سدھاکر نے دنیا کی سب سے چھوٹی ڈبل ڈیکر بس بھی بنائی ہے جو لمکا بک اور گنیز بک آف ریکارڈس میں درج کرلی گئی ہے۔
انہوں نے بچپن سے ہی شوقیہ طورپر گاڑیاں بنانا شروع کیا تھا۔ سائیکل،ٹرین، بس سے لے کر کار، موٹر سائیکل وغیرہ سبھی چیزیں Scrap سے بنائی جاتی ہیں۔ اس میوزیم کے مشاہدے کیلئے ممبئی سے آئے ایک گروپ نے ہمیں بتایاکہ سدھاکر کے کارناموں کو سرکاری طورپر مددملنی چاہئے۔
ممبئی کی دیشا نے ہمیں بتایا کہ وہ سونچ بھی نہیں سکتی تھی کہ اتنی خوبصورتی سے Scrap کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دیشا کی ساتھی پوجانے کہاکہ یہ میوزیم بہت اچھا ہے۔ پوجا نے کہاکہ نئی نئی ایجادات دیکھ کر وہ پریشان ہیں۔ خوشبو، گورو اور ابھجیت نے بھی میوزیم کی بہت تعریف کی۔ اس گروپ نے کہاکہ اسکولی طلباء اور آٹو موبائیل طلباء کیلئے یہ ایک اچھا انسپریشن فراہم کرنے والا ادارہ ہے اور اس موقع کا فائدہ ہر طالب علم کو اٹھانا چاہئے۔

Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں