hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں 2013-dec-15 |
پریس نوٹ
کئیر ہسپتال بنجارہ ہلز ، ہندوستان کا پہلا ایسا ہسپتال بن چکا ہے جس نے کارڈیالوجسٹ (ماہر امراض قلب) کو تربیت دینے کی غرض سے منفرد "موبائل ورچوئل رئیلیٹی سمولیٹر [mobile virtual reality simulator]" کا استعمال کیا ہے۔ اس نئی تکنالوجی کے ذریعے قلب کی پیچیدگیوں سے نمٹنے میں بہت مدد ملتی ہے۔ اس نئی تکنیک سے فزیشینز کو یہ سہولت رہتی ہے کہ وہ اپنے خود کے دواخانے میں بھی اس کو استعمال کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر سی۔ نرسمہن سینئر کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ کئیر ہسپتال نے یہ بات بتائی۔ اس ضمن میں کئیر ہسپتال میں ایک ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آیا جس میں 10 ماہرین قلب نے شرکت کی۔
ایس۔این۔بی
بہادر پورہ کے حدود میں واقع بلدی ڈیویژن دودھ باؤلی میں دیپم اسکیم کے تحت رکن اسمبلی معظم خان نے تقریباً 65 گیس سلینڈرس مع کوپن مقامی خواتین میں تقسیم کیے۔ اس موقع پر مقامی ڈیویژن کارپوریٹر ایم اے غفار کے علاوہ مجلس کے ابتدائی صدور ، دیگر عہدیدار اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ معظم خان نے کہا کہ دیپم اسکیم کے تحت مرحلہ واری طور پر سلینڈرس کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے۔ چنانچہ مزید گیس سلینڈرس کی تقسیم بہت جلد عمل میں آئے گی۔
پریس ریلیز
بزم علم و ادب کا مشاورتی اجلاس بضمن "ساتواں ایوارڈ فنکشن" جمعہ 13/ دسمبر کو بعد مغرب صدر بزم نادر المسدوسی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معتمد بزم حلیم بابر نے پیش کیے گئے ایوارڈز کی تفصیل بتائی۔ جملہ 22 ایوارڈز حیدرآباد و اضلاع سے تعلق رکھنے والے مختلف شعرا و ادبا کو پیش کیے گئے ہیں جن میں اضلاع سے گوہر کریم نگری ، جمیل نظام آبادی ، نور آفاقی ، ظہیر ناصری ، سلیم عابدی ، حلیم بابر ، نادر اسلوبی ، اقبال شیدائی ، تاج مضطر ، تنویر واحدی ، فہیم صدیقی ، محب کوثر اور حیدرآباد سے صلاح الدین نیر ، اثر غوری ، راشد آزر ، ناصر کرنولی ، سید نصیر الدین احمد ، مضطر مجاز ، عقیل ہاشمی ، ڈاکٹر راہی اور رؤف خیر شامل ہیں۔ اجلاس میں اس سال ریاست آندھرا پردیش سے علمی ، ادبی ، سماجی دیرینہ خدمات انجام دینے والوں کا انتخاب عمل میں آیا اور متفقہ طور پر ناموں کا اعلان کیا گیا۔
ایڈوکیٹ مسعود علی فاروقی (محبوب نگر) ، حمید الظفر (حیدرآباد) ، ایم اے حکیم (سنگا ریڈی) ، ڈاکٹر ناظم علی (نظام آباد) اور حفیظ انجم (کریمنگر) کو یہ ایوارڈس اسی ماہ دسمبر کے اواخر میں حیدرآباد کے مرکزی مقام پر منعقد ہونے والے جلسے میں پیش کیے جائیں گے۔ اجلاس میں اثر غوری ، سلیم عابدی ، حلیم بابر ، نورالدین امیر ، یوسف روش ، سہیل عظیم اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔
Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں