پرانے شہر کی خبریں - old city news 14 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-14

پرانے شہر کی خبریں - old city news 14 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-14

سیاست نیوز
شہر حیدرآباد میں آشوب چشم کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے جس کی روک تھام کے لیے عوام کو اپنے طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے۔ ماہرین کے بموجب موسم سرما میں یہ وبا عموماً پھیلتی ہے لیکن اس مرتبہ تیزی سے وبا پھیلنے کے باعث سرکاری و خانگی دواخانوں میں مریضوں کی بڑی تعداد ماہرین امراض چشم سے رجوع ہو رہی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بنیادی طور پر یہ وبائی بیماری ہے اور اس سے کئی نقصانات کا خدشہ ہوتا ہے، اسلیے اس مرض کی علامات کے اظہار کے ساتھ ہی مریض کو ماہرین سے رجوع ہونا چاہیے جو کہ مرض پر قابو پانے میں بےانتہا معاون ثابت ہوتا ہے۔
ڈاکٹر پی وی نندکمار ریڈی سپرنٹنڈنٹ سروجنی دیوی آئی ہسپتال کے بموجب اس بیماری کے علاج کے لیے بسا اوقات کافی آرام اور وقت درکار ہوتا ہے ، لہذا مریض کو آرام کا مشورہ دیا جاتا ہے جو مرض کے خاتمہ کے لیے ضروری ہے۔ ڈاکٹر ریڈی نے مزید بتایا کہ گذشتہ برسوں میں اتنی بڑی تعداد آشوب چشم کے مریض دیکھے نہیں گئے مگر اس سال بڑی تعداد میں مریض دواخانہ سے رجوع ہو رہے ہیں جو امراض چشم کے علاوہ آشوب چشم میں مبتلا ہیں۔
آشوب چشم کی علامات میں آنکھ کے لال ہو جانے کے علاوہ ، آنکھوں کے قریب سوجن ، آنکھوں سے پانی کا بہنا ، آنکھوں میں ہلکا درد اور مزاج میں چڑچڑا پن شامل ہے۔ اس وبائی مرض میں مبتلا شخص کے لیے جو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں ان میں گہرے رنگ کی عینک کا استعمال اور عوامی مقامات سے دور رہنے کی ترغیب شامل ہے۔ ماہرین امراض چشم کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص اگر متعدد مرتبہ ہاتھ دھوتا رہے تو وہ اس بیماری سے جلد چھٹکارہ پا سکتا ہے۔ چونکہ یہ وبائی مرض ہے اس لیے نفاست کے ذریعے ہی اس کا صفایا ممکن ہے۔ آشوب چشم کی وبا شہری علاقوں میں پھیلنے کی وجوہات کا جائزہ لیے جانے کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ اس معاملے میں ابھی تحقیق کا عمل جاری ہے اور اس کی ایک بنیادی وجہ ماحولیاتی آلودگی ہے۔

پریس نوٹ
مولانا آزاد کلب حیدرآباد کے زیر اہتمام بہ تعاون ڈاکٹر زور فاؤنڈیشن و شعبہ اردو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، پہلے ڈاکٹر زور یادگار لکچر کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔
بروز چہارشنبہ 25/ دسمبر کی صبح ٹھیک 10:30 بجے تراب علی ہال ، سالار جنگ میوزیم حیدرآباد میں منعقد شدنی اس پہلے یادگار لکچر میں ممتاز محقق ، دانشور و نقاد ڈاکٹر سید تقی عابدی (کنیڈا) ویزیٹنگ فیلو شعبہ اردو مولانا آزاد یونیورسٹی ، "ڈاکٹر زور - محسن اردو" پر خطاب پیش کریں گے۔
ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر محمد میاں ، وائس چانسلر مولانا آزاد یونیورسٹی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ نامور مورخ و دانشور ڈاکٹر محمد ضیا الدین احمد شکیب صدارت کریں گے۔
ڈاکٹر سید محی الدین قادری زور کی پیدائش کے مہینے کی مناسبت سے یادگاری لکچر میں کنوینر ڈاکٹر محمد شجاعت علی راشد بانی صدر مولانا آزاد کلب کے مطابق پروفیسر محمد میاں ڈاکٹر تقی عابدی کی تصنیف "فیض شناسی" کی رسم رونمائی بھی انجام دیں گے۔
ڈاکٹر زور کی صاحبزادی محترمہ تسنیم زور (کینڈا) اور فرزند جناب سید محمد رفیع الدین قادری صدر نشین ڈاکٹر زور فاؤنڈیشن کے علاوہ پروفیسر فاطمہ بیگم پروین ، پروفیسر شعبہ اردو جامعہ عثمانیہ اور ڈاکٹر ابوالکلام صدر شعبہ اردو مولانا آزاد یونیورسٹی ، اس لکچر کے مہمانان اعزازی ہوں گے۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں