پرانے شہر کی خبریں - old city news 13 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-13

پرانے شہر کی خبریں - old city news 13 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-13

اعتماد نیوز
مغل پورہ پولیس نے 6/ دسمبر کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد کے پاس مسلمانوں کا حلیہ بنا کر نعرے بازی اور سنگباری کرنے والے ہندو نوجوان کو بالآخر گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں دے دیا جبکہ اس کے ساتھی کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آئی۔ یاد رہے کہ مجلسی کارپوریٹر نے سنگباری کرنے والے وجئے کمار اور بھرت کمار کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا اور پولیس نے ان دونوں ملزمین کو کچھ دیر کے لیے حراست میں رکھ کر رات کے وقت انہیں چھوڑ دیا۔
مجلس کی مسلسل نمائندگی اور توجہ دہانی کے بعد مغل پورہ پولیس نے کل 12/ دسمبر کو وجئے کمار سونی کو دوبارہ گرفتار کیا اور دفعہ 153 کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے عدالتی تحویل میں دے دیا۔ جبکہ اس ملزم کے دوسرے ساتھی بھرت کمار کا پولیس رپورٹ میں کہیں بھی تذکرہ نہیں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ مصروف تحقیقات ہے۔ یہاں یہ کہنا بےجا نہ ہوگا کہ سٹی پولیس کی جانب سے 6/ دسمبر کو مکہ مسجد کے قریب سے گزرنے والے کئی نوجوانوں کو پکڑ لیا گیا اور ان کے خلاف سنگین مقدمات درج کیے گئے۔ مسلمانوں کی گرفتاری پر ان کے خلاف کئی کئی سنگین دفعات لگائی جاتی ہیں جبکہ اکثریتی فرقہ کے اس ملزم وجئے کمار کے خلاف صرف ایک دفعہ 153 رکھی گئی ہے۔ پولیس کے اس رویے کے خلاف عوام میں کافی برہمی پائی جاتی ہے اور شہریوں کا احساس ہے کہ ایسی حرکتوں سے پولیس کی لاپروائی اور تعصب کا کھلا اظہار ہوتا ہے جس کا تدارک ضروری ہے۔

سیاست نیوز
گورنمنٹ نظامیہ جنرل ہسپتال (شفاخانہ چارمینار) کی عمارت کا شمار جہاں ہندوستان کی خوبصورت ترین عمارتوں میں ہوتا ہے وہیں فالج اور لقوہ کے موثر علاج کے لیے ہندوستان بھر میں یہ شفاخانہ شہرت رکھتا ہے۔
اس دواخانہ کے ایک حصہ میں کام کر رہے آیورویدک ہسپتال میں فالج اور لقوہ کا ایک منفرد طریقہ سے علاج کیا جاتا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ طبی اہمیت و افادیت کی حامل جڑی بوٹیوں اور تل کے تیل کے ذریعے انجام دئے جانے والے اس طریقہ علاج کی کوئی فیس نہیں لی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریاست آندھرا پردیش کے مختلف مقامات کے علاوہ مہارشٹرا ، گجرات اور کرناٹک سے فالج اور لقوہ سے متاثر مریض گورنمنٹ نظامیہ یونانی ہسپتال چارمینار اور اس کے احاطہ میں موجود آیورویدک ہسپتال کا رخ کرتے ہیں۔ اس ہسپتال میں دیگر سرکاری ہسپتالوں کی بہ نسبت مریضوں کے ساتھ بہتر سلوک کیا جاتا ہے۔ ہسپتال اسٹاف کے مطابق فی الوقت 30 مریض شریک ہیں جبکہ ہر روز 30 تا 35 افراد علاج کے لیے رجوع ہوتے ہیں۔
دوسری جانب فالج اور لقوہ کے علاج میں یونانی طریقہ کو بھی غیرمعمولی اہمیت دی جاتی ہے۔ یونانی شفاخانہ کے سپرنٹنڈنٹ محمد رفیع احمد کے مطابق نزلہ زکام کے باعث فالج اور لقوہ کا مرض لاحق ہوتا ہے۔ خاص طور پر موسمی حالات بدلنے کے نتیجہ میں لوگ اکثر متاثر ہوتے ہیں جن میں چھوٹ بچے جوان اور بوڑھے تمام شامل ہوتے ہیں۔ بچوں میں پائے جانے والے فالج کو فالج الاطفال کہا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فالج اور لقوہ جیسے امراض کا فوری علاج کروا لینا چاہیے۔

Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں