پرانے شہر کی خبریں - old city news 02 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-02

پرانے شہر کی خبریں - old city news 02 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-02

سیاست نیوز
اسمبلی حلقہ ملک پیٹ بلدی حلقہ چھاؤنی ناد علی بیگ کے سینکڑوں نوجوانوں کی ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے رکن قانون ساز کونسل جناب محمد محمود علی نے کہا کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے علاقہ تلنگانہ کی تہذیب ، جس کے بانی آصف جاہی حکمران تھے ، کو ختم کر دیا گیا۔ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کا قیام علاقہ تلنگانہ کے مسلمانوں کے لیے سب سے زیادہ نقصان کا باعث بنا لہذا تلنگانہ تہذیب کی بازیابی اور مسلمانوں کے کھوئے ہوئے وقار کی بحالی کے لیے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل ضروری ہے۔ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کی ترقی کے لیے کے۔سی۔آر نے خصوصی توجہ ظاہر کی ہے۔ دانشوروں کی کمیٹی کے قیام کے ذریعے اسمبلی حلقہ ملک پیٹ میں ہمہ منزلہ تعلیمی ادارے قائم کرنے کے منصوبے بھی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بلدی حلقہ چھاؤنی ناد علی بیگ کے عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی دشواری یا بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی پر ٹی۔آر۔ایس کے دفتر واقع اعظم پورہ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کسی بھی وقت رجوع ہوا جا سکتا ہے۔

سیاست نیوز
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی محاذی طلبہ تنظیم آل انڈیا اسٹوڈنٹ فیڈریشن [AISF] کے نئے قومی صدر کے طور پر سید ولی اللہ قادری اور جنرل سکریٹری کے طور پر وشواجیت کمار کا انتخاب عمل میں آیا۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر مخدوم بھون میں کمیونسٹ پارٹی کے قائدین سابقہ رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا سید عزیز پاشا ، ریاستی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا ، سٹی سکریٹری وی ایس بوس نے دونوں عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔
بعد ازاں اے۔آئی۔ایس۔ایف کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ولی اللہ قادری نے کہا کہ اس ملک کے تعلیمی نظام کو سب سے بڑا خطرہ خانگی شعبہ تعلیم سے ہے جس کے ذریعے مرکزی اور ریاستی حکومتیں سرکاری تعلیمی نظام کو ختم کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ تعلیمی شعبوں میں خانگی اداروں کی بڑھتی اجارہ داری کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں کارپوریٹ گھرانوں کے ہاتھوں کا کھلونا بنی ہوئی ہیں اور سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ مسلسل سوتیلا سلوک برتا جا رہا ہے۔
حیدرآباد میں منعقدہ اے۔آئی۔ایس۔ایف کانفرنس میں زیر بحث مسائل پر مشاورت کے بعد لیے گئے فیصلوں سے میڈیا کو واقف کرواتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ، فرقہ پرستانہ مواد کو تعلیمی نصاب سے نکالنے کے لیے جدوجہد اور غیرملکی تعلیمی نظام کو رائج کرنے کی تمام کوششوں کے خلاف اے۔آئی۔ایس۔ایف ملک گیر احتجاج کرے گی۔
تین روزہ قومی کانفرنس میں پیش کیے گئے قراردادوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے اے۔آئی۔ایس۔ایف کے نئے جنرل سکریٹری وشواجیت کمار نے کہا کہ 38 قراردادیں پیش کی گئی ہیں جنہیں قومی کانفرنس میں منظور کر لیا گیا ہے اور ان قراردادوں پر کام کرنے کے لیے قومی سطح پر احتجاجی لائحہ عمل عنقریب تیار کر لیا جائے گا۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں